پہلی بار کائنات میں سبز اور گلابی رنگ کے 2ستاروں کی شناخت ماہرین فلکیات حیران

پہلی بار کائنات میں سبز اور گلابی رنگ کے 2ستاروں کی شناخت ماہرین فلکیات حیران

واشنگٹن (رائٹرز )ماہرین فلکیات نے پہلی بار کائنات میں سبز اور گلابی رنگ کے 2ستاروں کی شناخت کی ہے ، جس نے سائنس دانوں کو حیران کر دیا ہے ، سبزستارہ زمین سے تقریباً 280 نوری سال دور ہماری کہکشاں ملکی وے میں واقع ہے۔۔۔

سائنس دانوں کے مطابق اس ستارے کا رنگ عام ستاروں سے مختلف ہے کیونکہ اس کی سطح پر ان سیاروں کے چٹانی ٹکڑے جمع ہیں جو ماضی میں اس کے گرد گردش کرتے تھے ۔ ان ٹکڑوں میں موجود مختلف عناصر نے ستارے  کے رنگ کو سبز مائل زرد بنا دیا ہے ، یہ ایک سفید بونا ستارہ ہے ،سفید بونا ایسے ستارے کے باقی ماندہ مرکزی حصے کو کہتے ہیں جس کا ایندھن ختم ہو چکا ہو اور اس کی بیرونی تہہ خلا میں بکھر گئی ہو ،عام طور پر ستاروں کا رنگ ان کے درجہ حرارت پر منحصر ہوتا ہے ۔ نسبتاً ٹھنڈے ستارے نارنجی، سورج جیسے ستارے سفید اور زیادہ گرم ستارے ہلکے نیلے رنگ کے دکھائی دیتے ہیں، تاہم سفید بونے ستاروں کی کیمیائی ساخت میں تبدیلی ان کے رنگ کو مختلف بنا سکتی ہے ،برطانیہ کی یونیورسٹی آف واروک کے ماہرِ فلکیات مارک ہولینڈز کے مطابق اس ستارے کی سطح پر سیاروں کے ٹکڑے جمع ہونے سے کیلشیم، لیتھیم اور خاص طور پر سوڈیم کی مقدار بڑھ گئی ہے ،انہوں نے بتایا کہ اس ستارے میں سوڈیم کے ایٹم اردگرد موجود ہیلیم کے ایٹموں سے مسلسل ٹکراتے ہیں۔ اس عمل سے سوڈیم کی روشنی جذب کرنے کی صلاحیت بدل جاتی ہے اور وہ زرد، نارنجی اور سرخ روشنی کے مختلف حصوں کو جذب کرنے لگتا ہے ۔

اس کے نتیجے میں ستارہ سبز مائل زرد دکھائی دیتا ہے ،تحقیق میں شریک بورس گینسیکے کے مطابق سفید بونے ستارے حجم میں تقریباً زمین جتنے ہوتے ہیں، لیکن ان کی کمیت انتہائی زیادہ ہوتی ہے ۔ اسی لیے ان کی سطح پر موجود سوڈیم کی تھوڑی سی مقدار بھی ان کے رنگ پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے ۔اس تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے زمین کے نسبتاً قریب موجود 151 سفید بونے ستاروں کا مطالعہ کیا۔ ان میں ایک ستارہ گلابی مائل سرخ رنگ کا بھی پایا گیا،یہ زمین سے 48 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے ۔سائنس دانوں کے مطابق اس ستارے کے رنگ میں تبدیلی سوڈیم کے بجائے کاربن کی وجہ سے ہوئی، ماہرین کے مطابق یہ دریافت ظاہر کرتی ہے کہ کائنات میں ستاروں کے رنگ ہماری عام توقعات سے کہیں زیادہ مختلف ہو سکتے ہیں، اگرچہ سائنس فکشن میں سبز ستارے پہلے بھی دکھائے گئے ہیں، لیکن یہ کائنات میں شناخت کئے جانے وا لے اپنی نوعیت کے پہلے ستارے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...