باکو:اسرائیلی صدر کاخطاب،پاکستان سمیت 10ممالک کا واک آؤٹ
باکو(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ کانفرنس کے سربراہی اجلاس سے اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کے خطاب کے دوران پاکستان سمیت 10۔۔۔ ممالک کے مندوبین نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا
جبکہ چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں بستیوں کے ‘زبردستی قیام’ کو روکے اور اپنے اقدامات واپس لے ۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایشائی ممالک کی تنظیم کانفرنس آن انٹرایکشن اینڈ کانفیڈنس بلڈنگ میئرز ان ایشیا(سیکا ) کے سربراہی اجلاس میں اسرائیل کے صدرآئزک ہرزوگ کا خطاب شروع ہوتے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور ان کا وفد اپنی نشستوں سے اٹھے اور ہال چھوڑ کر چلے گئے ، جبکہ اسی وقت پاکستان بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے بھی ہال کا بائیکاٹ کیا،دریں اثنا چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ سے بالمشافہ ملاقات میں کہا کہ فلسطینی مسئلہ اس صدی کی سب سے بڑی تاریخی ناانصافی ہے ۔خطے میں امن اور مصالحت کو فروغ دینا چین کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کا بنیادی حصہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے حل کا درست راستہ ہے جبکہ غزہ میں انسانی تباہی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے امداد کی فوری فراہمی ترجیح ہے ۔ وانگ نے کہا کہ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی طرف لایا جا سکے اور تنازع کے سیاسی حل کی کوشش کی جا سکے ۔ایکس پر ایک پوسٹ میں ہرزوگ نے کہا کہ وہ وانگ سے ملاقات پر خوش ہیں اور ان کی گفتگو میں ہمارے ممالک کے تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر توجہ مرکوز رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments