تاریخ کی سب سے بڑی واردات :ہیکرز 17کھرب 42ارب 58کروڑ روپے کے مساوی رقم اڑالے گئے
ہیکرز نے بائنانس کے انٹرنیٹ سے منسلک ہاٹ والٹس کو نشانہ بنا کر 15منٹ کے اندر 8مختلف بلاک چین نیٹ ورکس سے اربوں ڈالر کے کرپٹو اثاثے منتقل کئے کمپنی نے اپنے پلیٹ فارم پر تمام تر ڈیپازٹس اور رقم نکلوانے کے عمل کو عارضی معطل کر دیا،صارفین کے فنڈز مکمل محفوظ ،تمام نقصان پوراکرینگے :بانی بائنانس
لندن (دنیا نیوز) دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج کمپنی بائنانس پر تاریخ کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہوا ، ہیکرز تقریباً 6 ارب 28 کروڑ 75 لاکھ امریکی ڈالرز(17کھرب 42ارب 58کروڑ روپے ) کے مساوی رقم اڑا لے گئے ۔کمپنی نے اپنے پلیٹ فارم پر تمام تر ڈیپازٹس اور رقم نکلوانے کے عمل کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔بی بی سی اور وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے بائنانس کے انٹرنیٹ سے منسلک ہاٹ والٹس کو نشانہ بنا کر محض 15 منٹ کے اندر 8 مختلف بلاک چین نیٹ ورکس کے ذریعے اربوں ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے منتقل کئے ۔بلاک چین تجزیاتی کمپنیوں نے چوری ہونے والی رقم کا تخمینہ 5.91 ارب ڈالر(تقریباً 16 کھرب 38 ارب 46 کروڑ روپے )جبکہ ٹی آر ایم لیبز نے 6 ارب ڈالر سے زائد(16 کھرب 62 ارب 90 کروڑ روپے )سے زائد کا نقصان قرار دیتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی قرار دیا ہے ۔بائنانس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر کمپنی کے ایک انجینئر کا لیپ ٹاپ ہیک ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں حملہ آور کو غیر مجاز طور پر رقوم منتقل کرنے کا موقع ملا۔دو کرپٹو تجزیاتی اداروں نے اس حملے کا تعلق شمالی کوریا کے ہیکنگ گروپ ٹریڈر ٹریٹر سے جوڑا ہے ،یہ حملہ فروری 2025 میں بائی بٹ ایکسچینج سے ہونے والی 1.5 ارب ڈالر(4 کھرب 15 ارب 72 کروڑ 50 لاکھ روپے )کی چوری سے چار گنا بڑا ہے ، مصنوعی ذہانت پر مبنی تحقیقاتی کمپنی ٹی آر ایم لیبز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بائنانس پر حملے کی کئی خصوصیات ماضی کے شمالی کوریا سے منسلک سائبر حملوں، بشمول بائی بٹ ہیک سے مشابہت رکھتی ہیں۔
سٹیبل کوائن جاری کرنے والی بڑی کمپنی ٹیدر نے ہیکر کے ایڈریس پر موجود 1.56 ارب ڈالر(4 کھرب 32 ارب 35 کروڑ 40 لاکھ روپے )اور سرکل نے 800 ملین ڈالر(2 کھرب 21 ارب 72 کروڑ روپے )کو فوری منجمد کر دیا، اب تک 3 ارب ڈالر (8 کھرب 31 ارب 45 کروڑ روپے )کے چوری شدہ اثاثے کامیابی سے فریز کیے جا چکے ہیں ۔اس سکیورٹی نقب زنی کے بعد بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ اور کمپنی کی شریک بانی یی ہی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارفین کو یقین دہانی کرائی کہ تمام صارفین کے فنڈز مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ہیکنگ کے نتیجے میں ہونے والے تمام نقصانات کو بائنانس اپنے ہنگامی انشورنس فنڈ کے ذریعے خود پورا کریگی ۔ بائنانس نے بی بی سی کے ان سوالات کا براہ راست جواب نہیں دیا جن میں حملے کے شمالی کوریا سے ممکنہ تعلق کے بارے میں پوچھا گیا تھا، تاہم کمپنی نے کہا ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں تاکہ ان مجرموں کی شناخت کی تصدیق کی جا سکے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے ۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ جاری کر ینگے ۔ تازہ معلومات کیلئے صرف بائنانس کے سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔واضح رہے کہ بائنانس روزانہ لین دین کے حجم کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا کرپٹو کرنسی ایکسچینج ہے ۔اس واقعہ کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں تقریباً پانچ فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ ایتھیریم اور سولانا سمیت دیگر بڑی کرپٹو کرنسیوں کی قیمتیں بھی نمایاں طور پر گر گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments