ہارنے والا جواری، کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں:ایران
ٹرمپ اسرائیلی مفادات کیلئے اگلے جنگی مرحلے کی تیاری کر رہا :باقر قالیباف شکست کی وجہ جنگ،باس سے کیوں نہیں کہتے ؟، قالیباف کا وینس سے سوال
تہران(نیوز ایجنسیاں)ایرا نی پارلیمنٹ کے سپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ایرانی چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا شکست خوردہ جواری کی طرح جنگ کا میدان چھوڑنے کو تیار نہیں بلکہ صدر ٹرمپ اسرائیل کے مفادات کے لیے جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔باقر قالیباف نے ایکس پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ایک پوسٹ کے جواب میں لکھا کہ ہارنے والے جواری جیسی ذہنیت ہے جو میز چھوڑ کر جانے کو تیار نہیں۔ باس جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ امریکا اس وقت بھی اسرائیل کو اولین ترجیح دینے کی پالیسی کی کھائی کے کنارے کھڑا ہے ۔ طویل تقریر چھوڑیں، یہ بات اپنے باس (صدر ٹرمپ) سے کیوں نہیں کہتے ؟،یہ طنز امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ ریپبلکنز کی انتخابی شکست کی ایک بڑی وجہ بنی۔
امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پینٹاگون نے امریکی فوج کو ایران کے خلاف ممکنہ کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ مشرقِ وسطیٰ میں مزید فوجی وسائل اور عسکری سازوسامان بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ان تیاریوں میں خطے میں اضافی فوجی اثاثوں کی تعیناتی بھی شامل ہے ۔ادھر امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں 25 ہزار سے زائد ڈرون اور اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے کا اعلان کردیا۔امریکی محکمہ جنگ کا کہنا ہے کہ امریکی سنٹرل کمانڈ کو 78 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کا نیاجدید سسٹم فراہم کردیا گیا ہے ، نئے سسٹم میں جدید بغیر پائلٹ فضائی اور بحری نظام فراہم کیے گئے ، 24ہزار سے زائد اینٹی ڈرونز سسٹم اور 1300 سے زیادہ حملہ آور ڈرون پہنچا دئیے گئے ۔نئے جدید ہتھیار مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کو ڈرون حملوں سے تحفظ دیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments