میرے مواخذے کی کوشش تماشا:ہیگسیتھ، امریکیوں کی اکثریت ایران جنگ ختم کر نیکی حامی
ایران کیخلاف جنگ ضروری اقدام تھا،تاریخ عمومی تاثر سے مختلف فیصلہ دے گی،صدر جراتمند رہنما :وزیر دفاع ،ٹرمپ اور وینس کی ہیگسیتھ کی حمایت وزیر دفاع کو ایران جنگ سمیت مواخذے کی 8 شقوں کا سامنا،سینیٹ میں دو تہائی ارکان کی حمایت درکار، ہیگسیتھ کو مجرم قرار دئیے جانے کا امکان کم:ذرائع
واشنگٹن (رائٹرز)امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے منگل کو اپنے مواخذے کی کوششوں کو ’’تماشا‘‘ قرار دیتے ہوئے اپنے ریکارڈ کا بھرپور دفاع کیا۔ ہیگسیتھ کو مواخذے کی 8شقوں کا سامنا ہے ، جن میں سنگین جرائم اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات شامل ہیں۔ ان الزامات کا تعلق ایران جنگ سے لے کر جنوری میں وینزویلا کے صدر نکولس مادوروکو اقتدار سے ہٹانے کیلئے امریکی فوجی کارروائی تک ہے ۔کانگریس کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ریپبلکن جماعت کو ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل ہونے کے باوجود مواخذے کی قرارداد منظور ہو سکتی ہے ، تاہم امریکی سینیٹ میں ہیگسیتھ کو مجرم قرار دئیے جانے کا امکان کم دکھائی دیتا ہے ، کیونکہ اس کے لیے دو تہائی ارکان کی حمایت درکار ہے ، جبکہ 100 رکنی سینیٹ میں ریپبلکن جماعت کے 53 ارکان ہیں۔پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہیگسیتھ نے صدر ٹرمپ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں اس شخص کے ساتھ کھڑے ہونے پر خوشی ہوگی جس کا خود دو مرتبہ مواخذہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہادونوں مرتبہ وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آئے اور امریکی عوام نے انہیں دوبارہ وائٹ ہاؤس بھیجا۔ اب وہ تیسری مرتبہ ایسی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس بار ان کی کابینہ کے ایک رکن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے صدر ٹرمپ کو ایک جراتمند رہنما قرار دیا اور کہا کہ ایران کی فوج تباہ ہو چکی ہے ، امریکی فوج کو دئیے گئے ان کے احکامات قانون کے مطابق تھے ۔
تاریخ ایران جنگ کے بارے میں آج کے عمومی تاثر سے بہت مختلف فیصلہ دے گی۔ہیگسیتھ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کے جنگ سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا یہ ضروری نہیں کہ یہ فیصلہ مقبول ہو، لیکن ممکن ہے کہ یہ ضروری ہو، اور میرا بھی یہی خیال ہے یہ ایک ضروری اقدام تھا۔پینٹاگون میں بریفنگ ختم ہونے کے فوراً بعد صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بار پھر ہیگسیتھ کی حمایت کا اظہار کیا۔ٹرمپ نے لکھاپیٹ ہیگسیتھ کو تھامس میسی کے خلاف اپنے دفاع پر اے پلس پلس پلس گریڈ ملنا چاہیے ۔ میسی ایک ناراض، مایوس اور شکست خوردہ سابق رکنِ کانگریس ہیں، جو مکمل طور پر ناکام شخص ہیں۔اگرچہ نائب صدر جے ڈی وینس نے کھلے عام ایران جنگ پر سوالات اٹھائے تھے اور ریپبلکن جماعت کی انتخابی شکست کا ذمہ دار بھی اسے قرار دیا تھا، تاہم منگل کو انہوں نے ہیگسیتھ کی حمایت کی۔وینس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا یہ ایران کے بارے میں نہیں ہے ، بلکہ اس بارے میں ہے کہ پیٹ نے پینٹاگون کی بیوروکریسی کو چیلنج کیا ہے ۔امریکی رکنِ کانگریس تھامس میسی، جو کینٹکی سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکن ہیں اور آئندہ کانگریس میں اپنی نشست چھوڑ رہے ہیں، نے مواخذے کی شقیں پیش کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر قانون ساز ابتدائی طریقہ کار سے متعلق ووٹنگ میں کامیاب ہو گئے تو ہم مواخذے کی شقوں پر باقاعدہ بحث اور ووٹنگ کی طرف بڑھیں گے ۔ نیبراسکا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکنِ کانگریس ڈان بیکن جو ٹرمپ کے بعض اقدامات پر تنقید کرتے رہے ہیں ، اس معاملے پر پہلے غیر جانبدار تھے ، انہوں نے منگل کو کہا کہ وہ مواخذے کی مخالفت کریں گے ۔منگل کو جاری ہونے والے رائٹرز/اِپسوس کے ایک سروے کے مطابق امریکیوں کی اکثریت چاہتی ہے کہ نئی منتخب ڈیموکریٹ اکثریت والی کانگریس ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے ۔
ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھاپیٹ ہیگسیتھ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، امریکا کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا اور ایران میں ایک ایسی جنگ کے معمار ہیں جو غیر ضروری، غیر محتاط، مہنگی اور ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ریپبلکن جماعت کے بعض ارکان بھی کہتے ہیں کہ کانگریس کے ساتھ ہیگسیتھ کے کشیدہ تعلقات حکومت کے لیے سیاسی مشکل بن رہے ہیں۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹرمپ انتظامیہ فوجی بجٹ میں بڑے اضافے کی درخواست کر رہی ہے ۔ حکومت موجودہ 950 ارب ڈالر کے فوجی بجٹ کو بڑھا کر ڈیڑھ کھرب ڈالر کرنا چاہتی ہے ۔ممکنہ طور پر اسی بجٹ درخواست کے پیش نظر ہیگسیتھ نے کہا کہ کانگریس میں اپنے اقتدار کے آخری ہفتوں کے دوران ریپبلکن ارکان کو ان کے مواخذے کے بجائے امریکی عوام کے لیے عملی کامیابیاں حاصل کرنے پر توجہ دینی چاہیے ۔اگر ہیگسیتھ اگلے سال بھی اپنے عہدے پر برقرار رہتے ہیں تو ڈیموکریٹس نے ان کے خلاف تحقیقات کا وعدہ کیا ہے ۔ ان تحقیقات میں پینٹاگون کے معاملات سے نمٹنے کے ان کے طریقئہ کار، خصوصاً چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران کو عہدوں سے ہٹانے کے فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔اگر ہیگسیتھ کا مواخذہ ہو جاتا ہے تو وہ امریکی تاریخ کے پہلے وزیر دفاع ہوں گے جنہیں اس کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سے پہلے 1876 میں امریکی فوج کے ایک اعلیٰ سویلین عہدیدار کے خلاف مواخذے کی کارروائی ہوئی تھی۔ اس وقت ولیم بیلکنپ وزیرِ جنگ کے عہدے پر فائز تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments