غزہ :اسرائیلی فائرنگ بمباری ،بچے سمیت 7افرادشہید
مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں پر گھات لگا کر حملے کے بعدجھڑپیں برطانیہ کی مغربی کنارے میں آبادکاری پر 8 اسرائیلی کمپنیوں پر پابندیاں
رملہ،غزہ ،لندن (اے ایف پی)غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور بمباری سے 7 فلسطینی شہید ہوگئے ، جن میں 6 سالہ بچہ اور خاتون بھی شامل ہے ۔ شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں اسرائیلی فائرنگ سے 21 سالہ نوجوان اور 6 سالہ بچہ ایاس النمنام شہید ہوئے ۔ شمالی غزہ میں جبالیا کیمپ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں 2 افراد مارے گئے ، جبکہ جنوبی غزہ میں بمباری اور فائرنگ سے مزید 2 فلسطینی شہید ہوئے ۔مغربی کنارے میں فلسطینی حملہ آوروں کی جانب سے اسرائیلی آبادکاروں پر گھات لگا کر حملے کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں، جس کے دوران اسرائیلی آبادکار کی فائرنگ سے 60 سالہ فلسطینی خاتون شہید ہوگئی۔ طبی حکام کے مطابق واقعے میں خاتون کے علاوہ چار فلسطینی زخمی بھی ہوئے ۔ بیت لحم کے قریب ایک اور واقعے میں اسرائیلی آبادکار کی گاڑی کی ٹکر سے پانچ فلسطینی زخمی ہوگئے ۔ برطانیہ نے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع میں ملوث 8 اسرائیلی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے اسرائیلی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی علاقوں کی تباہی اور دو ریاستی حل کو نقصان پہنچانے کے عمل سے باز رہیں۔ پابندیوں کا مقصد کمپنیوں کی مالی معاونت روکنا اور مزید تعمیرات کی حوصلہ شکنی کرنا ہے ۔ فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاریاں تعمیر کرنے والی اسرائیلی کمپنیوں پر برطانیہ کی پابندیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے متعلقہ اداروں کے لیے واضح پیغام قرار دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments