چین میں ٹرمپ ،پیوٹن ، شی جن پنگ کی ملاقات

چین میں ٹرمپ ،پیوٹن ، شی جن پنگ کی ملاقات

چینی صدر نے خود امریکی صدر کا استقبال کیا،شینزن میں سخت سکیورٹی انتظامات رہنماؤں کی استقبالیہ تقریب میں شرکت، با ضابطہ تاریخی سہ فریقی اجلاس آج یوکرین اور ایران جنگ، جوہری پھیلاؤ، تجارتی کشیدگی ، اے آئی پر گفتگو کا امکان

شینزن(اے ایف پی) چین، امریکا اور روس کے رہنماؤں نے بدھ کو چینی شہر شینزن میں ملاقات کے دوران ایک دوسرے سے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ یہ ملاقات جمعرات کو ہونے والے پہلے باضابطہ سہ فریقی سربراہی اجلاس سے ایک روز قبل ہوئی۔تاہم صدر شی جن پنگ، ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان جمعرات کو ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا واضح نہیں ۔ اس تاریخی ملاقات کے حوالے سے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ کہیں دنیا کو نئے بااثر خطوں میں تقسیم کرنے کا کوئی معاہدہ نہ ہو جائے ۔ ٹرمپ کی شینزن آمد پر چینی صدر شی جن پنگ نے خود ان کا استقبال کیا۔ کئی دہائیوں بعد یہ پہلا موقع تھا کہ چین کے اعلیٰ ترین رہنما نے کسی غیر ملکی سربراہ مملکت کا اس انداز میں استقبال کیا۔ اس سے قبل ستمبر میں امریکی صدر نے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر شی جن پنگ کا اسی انداز میں خیرمقدم کیا تھا۔ٹرمپ طیارے سے اترے تو شی جن پنگ ان کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ جنگی طیاروں نے فضا میں پرواز کرتے ہوئے رنگین دھوئیں کی لکیریں بھی چھوڑیں۔دونوں رہنما سرخ قالین پر ساتھ ساتھ چلتے رہے ۔ اس دوران وہاں موجود افراد نے امریکی اور چینی پرچم لہراتے ہوئے اور رنگ برنگے پوم پومز اٹھا کر ان کا استقبال کیا اور خوش آمدید کے نعرے لگائے ۔ بعدازاں سیاہ رنگ کی لیموزین گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ٹرمپ کو شہر لے گیا۔ اس موقع پر سڑکوں سے ٹریفک ہٹا دی گئی تھی،شینزن میں سخت سکیورٹی انتظامات تھے ۔

بعدازاں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (اپیک) کے وسیع تر اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے شی جن پنگ، ٹرمپ، پیوٹن اور دیگر عالمی رہنما استقبالیہ عشائیے میں شریک ہوئے ۔ گروپ فوٹو سے قبل تینوں صدور نے مختصر طور پر ایک دوسرے سے خیرسگالی کا اظہار کیا۔چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے ٹرمپ سے کہا کہ وہ چین اور امریکا کے تعلقات، ایشیا پیسیفک تعاون اور عالمی صورتحال جیسے اہم معاملات پر ان کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے منتظر ہیں ۔اس سے قبل شی جن پنگ اور پیوٹن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو سراہا۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے ۔توقع ہے کہ ٹرمپ اور پیوٹن آج جمعرات کو سربراہی اجلاس کے موقع پر الگ سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، جس میں یوکرین میں جاری جنگ پر بھی گفتگو ہو سکتی ہے ۔تاہم ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم (ایپیک) کے دوران اصل توجہ جمعرات کو ہونے والے امریکا، چین اور روس کے مذاکرات پر ہو گی۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب تینوں رہنما ذاتی طور پر ایک ساتھ ملاقات کریں گے ۔اگرچہ اجلاس کا مکمل ایجنڈا عوام کے سامنے نہیں لایا گیا، تاہم مختلف اشارے ملے ہیں کہ یوکرین اور ایران کی جنگوں، جوہری پھیلاؤ، تجارتی کشیدگی اور مصنوعی ذہانت میں پیش رفت جیسے موضوعات زیرِ بحث آ سکتے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...