حکومت کی ذمہ داری صرف ترقیاتی منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ عوام کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانا بھی ہے:مریم نواز:آزاد کشمیر کی ترقی ،تمام وسائل فراہم کرینگے:شہباز شریف
اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح ، عوامی فلاح کے منصوبوں کو شفافیت اور تندہی سے مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ،کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے :وزیراعظم ماضی کی تلخ یادیں بھلا دینا چاہتے ، حکومت کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے :صدر ن لیگ ،100روزہ منصوبے کا جائزہ ،پنجاب میں پنچایت نظام کی منظوری،عوام اپنے فیصلے خود کرینگے :وزیراعلیٰ
مظفرآباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا آزاد جموں و کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے پر عملدرآمد کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے تمام وسائل فراہم کریں گے ،عوامی فلاح کے منصوبوں کو شفافیت اور تندہی سے مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا میرے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی ، ڈالر 104 روپے سے بڑھنے نہیں دیا،لواری ٹنل منصوبہ کمل ہوا ، صلہ یہ ملا کہ میر ی حکومت ختم کر دی گئی، ہم ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا دینا چاہتے ہیں،جو جذبہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا ہے وہی میرا ہے ، چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کی حکومت کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا حکومت کی ذمہ داری صرف ترقیاتی منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ عوام کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانا بھی ہے ۔مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف ، وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزرا کے ہمراہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کا دورہ کیا ،دورہ کے دوران آزاد کشمیر حکومت کے سو روزہ منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک ہے ، ایسی ایسی حکومتیں آئیں جنہوں نے عوام سے کیے گئے وعدے بھلا دیے اور عوام کے ساتھ بے حسی والا سلوک کیا گیا۔ہم ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا دینا چاہتے ہیں،جو جذبہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا ہے وہی میرا ہے ، چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کی حکومت کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے ۔انہوں نے کہا کہ از راہِ مذاق میں نے کہا تھا کہ الیکشن جیت گئے تو میں آزاد کشمیر کا وزیراعظم بن جاؤں گا، افتخار گیلانی وزیراعظم بن گئے ہیں تو لگتا ہے جیسے میں وزیراعظم بن گیا ہوں، مریم نواز نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں دی ہیں اور آزاد کشمیر کی ترقی میں حصہ ڈالا ہے ۔نوازشریف نے کہا کہ پندرہ سال خیبر پختونخوا میں حکومت رہی مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، مریم نواز پنجاب میں قابلِ تعریف کام کر رہی ہیں، پنجاب میں کارکردگی کی اصل بنیاد شہباز شریف نے رکھی تھی اس موقع پر شہباز شریف نے کہا نہیں، آپ نے بنیاد رکھی تھی۔نواز شریف نے کہا خواہش ہے کہ مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے منصوبے پر عمل ہو۔انہوں نے کہا میرے دور میں بجلی کی قیمت اورافراطِ زر انتہائی کم تھے ، جی ڈی پی اور شرح نمو ساڑھے 7 فیصد تھی۔ 2013 سے 2017 تک اپنے دورِ حکومت میں ڈالر کی قیمت کو 104 روپے سے بڑھنے نہیں دیا، گلگت سے سکردو تک ہائی وے بنائی جس پر 50 ارب روپے لاگت آئی تھی۔خیبر پختونخوا میں ایک منصوبہ خود مکمل کرایا ، وہ لواری ٹنل تھا، لواری ٹنل منصوبہ 50 سال تک بھٹکتا رہا میں نے فیصلہ کیا کہ اسے بنانا ہے ، 25 ارب لگتے ہیں یا 50 ارب، لواری ٹنل منصوبہ مکمل کریں گے اسے مکمل کرنے کا یہ انعام ملاکہ میری حکومت ختم کر دی گئی ۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر سو روزہ ترقیاتی منصوبہ پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ وزیراعظم نے قائد مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام پر مبارکباد پیش کی اوربتایا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کیا جائے گا جب کہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہاہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کو اپنے 100 روزہ ترقیاتی منصوبہ کے لیے جن وسائل کی ضرورت ہوگی وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔انہوں نے اپنی قیادت کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا عوامی فلاح کے منصوبوں کو شفافیت اور تندہی سے مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ، پاکستان کی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، پولیس اصلاحات اور عوام تک حکومتی رسائی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت نہ صرف ترقیاتی کام کر رہی ہے بلکہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی ہر وقت دستیاب ہے ۔مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنا گھر سکیم، گرین بس، کلینک آن ویلز، کیتھ لیبز اور ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام شروع کیے ہیں۔ امید ہے کہ وہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے منصوبوں کی تکمیل کے لیے ٹائم لائنز مقرر کی ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے وزرا کواہداف دیے جائیں اور ان کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر حکومت آزاد کشمیر کو کسی بھی معاملے میں پنجاب حکومت کی مدد درکار ہو تو وہ حاضر ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے پہلے 100 دن کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے صحت، تعلیم، سیاحت، ٹرانسپورٹ، رہائش اور نوجوانوں کی ترقی کے اقدامات کا اعلان کیا۔ افتخار گیلانی نے کہا ہمیں 100 روزہ پلان دیا گیا تھا اور منصوبوں پر فوراً عمل درآمد کا آغازہوگا۔اجلاس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف ، نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیر اعظم افتخار گیلانی اور صدر ڈاکٹر نجیب نقی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وفاقی وزرااور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت بھی شریک ہوئی ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں پنچایتنظام کی اصولی منظوری دے دی، انہوں نے کہا پنچایت کے ذریعے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے بڑی سماجی تبدیلی رونما ہو گی اورانصاف عوام کی دہلیز پر موجود ہوگا،عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیاجائیگا۔اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں بنیں گی،کمیٹی تنازعات کو فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرے گی، ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن مقرر کرے گا، ارکان کا انتخاب نیک نامی،غیر جانبداری اوردانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا،خواتین،اقلیتیں،غربا اورپسماندہ طبقات کیلئے انصاف کی رسائی آسان ہوگی،پنچایت کا نظام قانونی،انصاف اورغیر جانبداری کی مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا،پنچایتی نظام کے ساتھ ساتھ عدالتی دائرہ ا ختیار اورفرد کے عدالتی تحفظ کے حصول کے حق کو بھی برقرار رکھا جائے گا،پنچایت میں نمبردار،اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈآرمی آفیسر، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معزز ین رکن ہوں گے ،وزیراعلیٰ نے پنچایت پروگرام کیلئے رولز، پالیسی گائیڈ لائن اور ضوابط کا جامع پلان طلب کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments