کن فیکون کی طاقت صرف اللہ کے پاس:زبردستی کی گئی تو وہ آگ لگے گی جسے بجھانا مشکل ہوگا:بلاول
سسٹم ری سیٹ پر بات کر نیکا حق صرف محسن نقوی کانہیں ، کیا یہ ذمہ داری چیئرمین پی سی بی کوسونپ دی گئی ؟ آپ نے ٹاؤٹس سے بحث کرانے کا فیصلہ کیا ہے تو ایسا نہیں ہو گا لگتا ہے اب جے یو آئی،پی پی سے بھی لڑائی ، ہوش کے ناخن لیں،اپوزیشن میں بیٹھ سکتے ،وزیراعظم کیساتھ ہوں، اُنہیں چیئرمین کرکٹ بورڈ سے زیادہ اختیاردیں،انٹرویو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے حوالے سے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کن فیکون کی طاقت صرف اللہ کے پاس ہے ،کوئی کہے فیصلہ ہو گیا تو اثرات ہونگے ، زبردستی کی گئی تو وہ آگ لگے گی جسکو بجھانا مشکل ہو گا، سسٹم ری سیٹ پر بات کرنے کا حق صرف محسن نقوی کو حاصل نہیں بلکہ ہمیں بھی حق ہے کہ بتائیں کہ کہاں کہاں جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے ،کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ سسٹم کو کیسے ری سیٹ ہونا ہے ؟ ،ایک ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظام کی تباہی سے متعلق بحث میں نے شروع نہیں کی تھی بلکہ اس کا آغاز محسن نقوی نے کیا تھا، میں نے اس تناظر میں یہ سوال اٹھایا تھا کہ آخر نظام کی یہ تباہی شروع کہاں سے ہوئی؟انہوں نے کہا کہ محسن نقوی میرے بھائی ہیں اور میں ان کی عزت کر تا ہوں ، لیکن نظام کے ری سیٹ پر رائے دینا صرف ان کا حق نہیں، مجھے بھی یہ کہنے کا حق ہے کہ نظام میں تبدیلی کا عمل جمہوری ہونا چاہیے ،بلاول نے کہا صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی نواب شاہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران نئے صوبوں سے متعلق گفتگو نہیں ہوئی ، ایوانِ صدر کی جانب سے بھی وضاحت جاری کی گئی تھی، بلاول نے کہا کہ ملک کے مفاد میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، اگر حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ سکتے ہیں، اس حکومت اور سسٹم کا بوجھ اٹھانا میری سیاست کو نقصان پہنچا رہا ہے ، میں نے انکار نہیں کیا کہ سٹیک ہولڈر نہیں، وزیراعظم کے ساتھ ہوں لیکن اُنہیں پی سی بی چیئرمین سے تو زیادہ اختیار دیا جائے ، کیا چیئرمین پی سی بی کو اختیار ہے کہ وہ کہے کہ سسٹم کولیپس ہو گیا ہے ۔
کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ سسٹم کو کیسے ری سیٹ ہونا ہے ؟ اور ہم چپ کر کے گھر چلے جائیں۔ کیا اس پر بات کرنے کا حق صرف چیئرمین پی سی بی کو ہے ؟ اس سے بہتر ہے کہ یہ سیاستدان نہ ہی رہیں؟ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ میں تاریخ کا طالب علم ہوں اور جانتا ہوں سندھ میں 80 اور 90 میں کیا ہوا؟ سندھ کی سیاست کو تقسیم کرنے کے لیے پہلے بھی سازش کرائی گئی، آج بھی یہ خدشہ موجود ہے ، اس لیے خبردار کر رہا تھا کہ زور زبردستی سے سندھ تقسیم ہو گا تو ساتھ نہیں دوں گا، میں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا دھمکی نہیں دے رہا تھا، اگر زور زبردستی سے ایسا کچھ کیا گیا تو صوبے میں ایسی آگ لگے گی جسے بجھانا مشکل ہو گا،حالات میرے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے ، خون خرابے والے حالات پیدا کیے جائیں گے تو معاشی حالات کیا ہوں گے ؟ انہوں نے کہا تاریخ میں ہمارے ساتھ سب سے بڑا ظلم ہوا، کبھی دھمکی نہیں دی، گڑھی خدابخش کا قبرستان ہماری قربانیوں کی داستان ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر صوبے بننے ہی بننے ہیں تو پھر میری باتوں پر اعتراض نہ کریں، حکومت کو تجویز دوں گا کہ ‘کن فیکون’ کی طاقت صرف اللہ کی ذات ہے ، اگر کوئی کہے کہ فیصلہ ہو گیا تو اس کے اثرات ہوں گے ، اتنی طاقت کے باوجود نوجوان کی بات کے بعد آفٹر شاکس کیوں آتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ صوبہ نئے صوبوں کا فیصلہ کرے گا، سوال یہ ہے کہ ایک جعلی ریفرنڈم پر اپنا پیسہ کیوں ضائع کر رہے ہیں؟ ن لیگ عوام کا پیسہ ریفرنڈم پر ضائع کرنے کے بجائے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کیوں نہیں کراتی؟ سپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنے ارکان کا ریفرنڈم کرانا چاہیے ،انہوں نے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر ایک بار پھر اعتراض کیا اور آئین کے آرٹیکل 234 کا حوالہ دیتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیا،انہوں نے شکوہ کیا کہ موجودہ نظام کے اہم سٹیک ہولڈر ہیں۔
اس کے باوجود ریفرنڈم کی تجویز پر اعتماد میں نہیں لیا گیا،مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی آئینی طریقے سے لائی گئی تھی، اس لیے آئین کو ایک طرف رکھ کر ریفرنڈم کرانا مناسب نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی ساکھ جتنی خراب آج ہے ، اتنی تاریخ میں کبھی نہیں رہی، پاکستان کی تاریخ میں اپوزیشن جماعتیں ہمیشہ دھاندلی کے الزامات لگاتی رہی ہیں، لیکن یہ پہلی بار ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومتی جماعت کے رہنما اور اس کے اتحادی بھی دھاندلی کی بات کر رہے ہیں،انہوں نے سوال کیا کہ جب کوئی بھی موجودہ نظام میں صاف اور شفاف انتخابات پر یقین کرنے کو تیار نہیں تو ایسے نظام کے تحت ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی حقیقی رائے کیسے سامنے آسکتی ہے ؟،بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور ہو چکی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ جس معاملے پر عوام کے منتخب نمائندے متفق ہوں، فیصلہ بھی اسی کے مطابق ہونا چاہیے ، سندھ کے عوام سے یہ نہیں پوچھا جا سکتا کہ پنجاب میں نیا صوبہ ہونا چاہیے یا نہیں، اسی طرح کسی دوسرے صوبے کے عوام سے سندھ میں نئے صوبے کے قیام پر رائے نہیں لی جا سکتی،چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات کے باعث پاکستان کو عام معاشی بحران نہیں بلکہ معاشی آفت کا سامنا ہے ، جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ، موجودہ حالات میں تمام سٹیک ہولڈرز کی سو فیصد توجہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے پر ہونی چاہیے ، اس وقت تو سب سیاسی جماعتوں کو نظام درست کرنے پر سوچنا چاہیے ، میں اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی بات کر رہا ہوں ، آپ نے بھارت کو شکست دی، افغانستان سے لڑ رہے ہیں۔
کالعدم ٹی ٹی پی سے لڑ رہے ہیں، بی ایل اے سے بھی لڑ رہے ہیں اور نیا فیصلہ ہے کہ ہم نے جے یو آئی سے لڑنا ہے اور اب پیپلز پارٹی سے بھی لڑنا ہے ، اگر آپ نے سب سے لڑنا ہے تو مسائل کا حل کس نے نکالنا ہے ؟ اس ملک میں سچ سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے ، میں اس نظام کا سٹیک ہولڈر ہوں اور کہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، لگ ایسا رہاہے کہ میرے سچ کے بعد یہ بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ مجھ سے بھی لڑنا ہے ، جو ری ایکشن آیا ہے یہ ایک اور ثبوت ہے کہ سچ سننے کا حوصلہ نہیں ہے ، میری بات سننے کے لیے آپ تیار نہیں اور حوصلہ نہیں تو پاکستان کے عوام کا کیا ہوگا؟ آپ نے بحث شروع کی تو اب آپ ہماری بھی سنیں کیونکہ اب بحث تو جاری ہے ، آپ نے فیصلہ کیا کہ ٹاؤٹس سے بحث کرائی جائے گی یا بزنس مینوں سے کرائی جائے گی، ایسا نہیں ہو گا، یک طرفہ آواز نہیں ہو گی دوسری رائے سننا پڑے گی ورنہ ان آوازوں کو خاموش کرانا ہو گا،میں نے منگل کو تھوڑا زیادہ سچ بولا جو اب ہضم نہیں ہورہا، اتنا بڑا سٹیک ہولڈر ہونے کے باوجود اس بحث کا آغاز کافی عرصے سے ہوا ہے ، ہم سے ، صدر مملکت سے کسی نے آج تک بات نہیں کی، کیا پی سی بی چیئرمین کو یہ حق ہے کہ وہ کہے کہ سسٹم کولیپس ہوا؟ کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ سسٹم کو کیسے ری سیٹ ہونا ہے ؟ کیا پی سی بی کو سب ذمہ داری سونپی گئی ہے ، پی سی بی فیصلہ کرے گی کہ کیا ہو گا، یا یکطرفہ بحث کرے گا باقی کوئی نہیں بولے گا۔ادھر پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ طلال چو دھری وضاحت کریں کہ27ویں آئینی ترمیم سیاسی اتفاق رائے کے بجائے عددی اکثریت کے بل بوتے پر کیوں منظور کی گئی؟طلال چودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظام کی ناکامی، سیاسی ری سیٹ یا صوبوں کی تقسیم کی بات ہم نے نہیں کی، یہ بات انہوں نے کی ہے ، ہم نے صرف اپنی رائے دی ہے ، کیا اب اظہار رائے پر بھی پابندی ہے ؟ ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments