امریکی فضائیہ کا کلاؤڈ سسٹم ہیک،پینٹاگون کی تردید
حساس معلومات افشا ہونے کا خدشہ ،فوجی نظام محفوظ :عہدیدار محکمہ دفاع
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی فوج نے اپنے کمپیوٹر سکیورٹی نظام میں کسی بھی خرابی یا مسئلے کی تردید کی ہے ، تاہم ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائیہ کے کلاؤڈ بیسڈ پلیٹ فارم ‘‘کلاؤڈ ون’’ کو ہیک کرلیا گیا، جس سے حساس فوجی معلومات افشا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے جمعہ کو ایک نامعلوم امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ سائبر حملے کے نتیجے میں حساس فوجی معلومات افشا ہوسکتی تھیں۔ اس واقعے کی خبر سب سے پہلے خبر رساں ادارے رائٹرز نے دی، جبکہ فیڈرل نیوز نیٹ ورک نے بھی واقعے سے واقف ایک ذریعے کے حوالے سے ہیکنگ کی تصدیق کی۔رپورٹ کے مطابق سسٹم کی دیکھ بھال کے دوران کنٹریکٹرز نے رواں سال کے اوائل میں ہیکنگ کا پتا چلایا تھا۔پینٹاگون نے کلاؤڈ ون پر سائبر حملے کی براہ راست تردید نہیں کی۔
محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے کہا کہ فوجی نظام محفوظ ہیں اور ماہرین کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے ان کی نگرانی کرتی ہیں۔ اس سے قبل ایک اور عہدیدار نے کہا تھا کہ محکمہ دفاع پالیسی اور آپریشنل سکیورٹی کے تحت اپنے نیٹ ورکس کی صورت حال پر تبصرہ نہیں کرتا۔یہ واقعہ امریکی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں حالیہ ہفتوں کے دوران سامنے آنے والے مسائل کی تازہ کڑی ہے ۔ اس سے قبل سی آئی اے اور ایف بی آئی کے مبینہ سائبر حملوں، بڑے مالیاتی اداروں کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نظام میں مداخلت، مائیکروسافٹ آؤٹ لک کی تکنیکی خرابی، فضائی ٹریفک کنٹرول کے مسائل اور این ایس اے کے خفیہ نیٹ ورک میں مبینہ خرابی کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔ حکام نے بعض واقعات کو سائبر حملوں کے بجائے تکنیکی نقائص یا دیکھ بھال کے دوران پیدا ہونے والی خرابیوں سے منسوب کیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments