اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

تمباکو نوشی ترک کیجیے!

انسدادِ تمباکو نوشی کا عالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے‘ جس میں عوام کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ تمباکو نوشی منہ‘ گلے‘ پھیپھڑوں اور انتڑیوں کی پیچیدہ بیماریوں اور کینسر جیسے اذیت ناک مرض کا باعث بنتا ہے۔ استھما ‘ دل کی بیماریاں‘ ہارٹ اٹیک‘ ذیابیطس‘ نابینا پن تمباکو نوشی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود اگر تمباکو نوشوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو یہ اس امر کی دلیل ہے کہ تمباکو نوشی کے انسداد کیلئے کوششیں اطمینان بخش نہیں اور ان میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ حقیقت یہ ہے کہ تمباکو نوش محض اپنی صحت خراب نہیں کرتا بلکہ ارد گرد رہنے والوں کو بھی مختلف نوعیت کے پیچیدہ امراض میں مبتلا کرنے کا باعث بنتا ہے۔

اندازہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی اس رپورٹ سے لگایا جا سکتا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تمباکو نوشی کے باعث پیدا ہونے والے صحت کے مسائل کی وجہ سے ہر سال اسی لاکھ افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ان میں سے ستر لاکھ تو تمباکو نوش ہوتے ہیں جبکہ بارہ لاکھ افراد وہ ہوتے ہیں جو خود تمباکو نوشی نہیں کرتے لیکن تمباکو کے دھوئیں سے متاثر ہو کر جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ آج سے ٹھیک ایک دن بعد انسدادِ تمباکو نوشی کا عالمی دن منایا جائے گا۔ اگر آپ تمباکو نوش ہیں تو کیا ہی اچھا ہو کہ یومِ انسدادِ تمباکو نوشی کا آغاز اس عزم کے ساتھ کریں کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی صحت کی خاطر اس عادت کو چھوڑ دیں گے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں