اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

رحیم یار خان حادثہ

گزشتہ روز رحیم یار خان میں دکان کی چھت گرنے سے آٹھ خواتین جاں بحق اور 70سے زائد زخمی ہو گئیں۔یہ خواتین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی رقم کے حصول کیلئے ایک دکان کی بالائی منزل پر جمع تھیں کہ چھت گر نے سے المناک حادثہ پیش آیا۔ 2008ء سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے لیکن اس رقم کی تقسیم کا مناسب طریقہ آج تک وضع نہیں ہو سکا۔ ہر ماہ خواتین کو ان پیمنٹ پوائنٹس پر طویل قطاروں میں پہروں انتظار کرنا پڑتا ہے اور اکثروبیشتر بھگدڑ مچنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔

اگرچہ حکومت نے گزشتہ برس دسمبرمیں یہ رقوم براہِ راست خواتین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن بینکوں کی جانب سے ڈیبٹ کارڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو اب بھی بائیومیٹرک تصدیق کیلئے مخصوص پیمنٹ پوائنٹس پر جانا پڑتا ہے۔ حکومت کو فوری طور پر ان پیمنٹ پوائنٹس پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا اور بینکوں کو یہ لازمی ہدایت دینی چاہیے کہ وہ ڈیبٹ کارڈز اور موبائل بینکنگ کے ذریعے امداد کا حصول آسان بنائیں۔ خواتین کو امدادی رقوم کے ساتھ ساتھ مستقل روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں