اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

کامیاب آپریشن

گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے آپریشن کے دوران 11دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچنے۔ ڈیرہ اسماعیل خاں کا علاقہ حالیہ دنوں دہشتگردی کے واقعات کی وجہ سے خبروں میں رہا ہے۔ اتوار کے روز یہاںحملہ آوروں کی فائرنگ سے دو کسٹم اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہو گئے تھے۔چند روز میں کسٹم اہلکاروں پر یہ دوسرا حملہ تھا اور مجموعی طور پر ان حملوں میں سات اہلکار دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔پچھلے کچھ عرصے سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی واقعات میں تیزی آئی ہے اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں‘  جن میں کسٹمز بھی شامل ہے‘ کے اہلکاربالخصوص دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔ سمگلرز بھی اپنی غیرقانونی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے سکیورٹی اور کسٹمز اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہیں۔ یہ صورتحال دہشت گردی کے غیرمعمولی خطرات کی نشاندہی کرتی ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کی جانب توجہ دلاتی ہے۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کا سبب افغانستان کا عدم استحکام اور عبوری افغان حکومت کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی ہے۔یہ صورتحال یقینا پیچیدہ ہے مگر قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کی صلاحیتوں اور حوصلے پر اعتماد کرتے ہوئے یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ ان چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement