اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

باجوڑ میں دہشت گردی

 خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔  ماضی میں بھی دہشتگردوں کی جانب سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں متعدد سیاسی رہنمائوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ماضی میں جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پار ٹی کی قیادت اور پارٹی رہنماؤں پر دہشتگردوں کی جانب سے کئی حملے کیے گئے اور ان میں بہت جانی نقصان بھی ہوا۔ فروری میں عام انتخابات سے قبل بھی ملک میں دہشتگردی کے کئی واقعات ہوئے جس کے بعد سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بعض سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم ختم کرنا پڑی۔ عام انتخابات سے ایک روزقبل کراچی‘ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات میں 26 افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہو ئے۔ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر حملے ملک میں سیاسی اور جمہوری عمل کونقصان پہنچانے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ ان خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ دہشتگردی کے خدشات اور سکیورٹی ایجنسیوں کے انتباہ کے بعد سیاسی رہنماؤں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ضروری ہیں۔ دہشتگردی کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر حکومت کی طرف سے ’ عزمِ استحکام ‘کا اعلان کیا گیا ہے لیکن اس پر بعض سیاسی جماعتوں ہی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا‘ تاہم دہشتگردی کے مسلسل واقعات اور قیمتی جانوں کا نقصان دہشت گردوں کے خلاف منظم کارروائیوں کی ضرورت کو واضح کرتا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں