اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

توجہ کی متقاضی نوجوان آبادی

ادارۂ شماریات نے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری سے متعلق جو فائنڈنگ رپورٹ جاری کی ہے اسکے مطابق ملک کی 89 فیصد آبادی 40سال سے کم عمر ہے۔ اس ایج گروپ میں 12 کروڑ سے زائد وہ افراد شامل ہیں جن کی عمریں 15سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ ملکی آبادی میں نوجوانوں کی اکثریت حوصلہ افزا بھی ہو سکتی ہے اور ایک حساس نوعیت کا چیلنج بھی۔ حوصلہ افزا اس لحاظ سے کہ نوجوان آبادی ملکی صنعتوں کو زیادہ افرادی قوت فراہم کر سکتی ہے جبکہ چیلنج اس لیے کہ نوجوان آبادی کی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے ان پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ گزشتہ سال کو وزیراعظم نے نوجوانوں کا سال قرار دیا تھا‘ مگر اس نعرے کے باوجود نوجوانوں کی ترقی کیلئے حکومتی سطح پر کوئی اہم پیشرفت نظر نہیں آئی‘ یہی جمود رواں سال بھی برقرار ہے۔ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آخر تک ملک میں بیروزگاری کی شرح 10.4فیصد تک پہنچ جائے گی۔نوجوان کسی بھی ملک کا مستقبل ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ملکِ عزیز میں مستقبل کے معماروں کو کبھی اولین ترجیح نہیں بنایا جا سکا۔ نوجوان پر سرمایہ کاری کے دیرپا اور حقیقی نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے اس مد میں سرمایہ کاری میں پس و پیش سے کام نہیں لینا چاہیے۔نوجوانوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور اس افرادی قوت سے استفادہ کرکے ہی ملک کا مستقبل تابناک بنایا جا سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں