اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مائیکرو لائبریریاں

’’پڑھو پنجاب پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب بھر میں مائیکرو لائبریریوں کے قیام کا آغاز ہو چکا ہے جس کی پہل وزیرآباد سے کی گئی‘ جہاں ریلوے سٹیشن‘ بڑے بس سٹیشنوں اور عوامی باغات میں پندرہ مائیکرو لائبریریاں قائم کی گئی ہیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد پارکوں میں جاکر بیٹھنے والے افراد یا بس اور ریلوے سٹیشن پر انتظار کرنے والے افراد کو کتابوں کے مطالعہ کے ذریعے ایک صحت مند سرگرمی فراہم کرنا ہے۔ کتب بینی کی عادت علم میں اضافے کیساتھ ساتھ لوگوں میں خیالات و نظریات کے تبادلے‘ مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور شدت پسندی کی روک تھام کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہے لیکن ہمارے معاشرے میں کتب بینی  کا شوق کمزور پڑ چکا ہے جس کی ایک وجہ لائبریریوں کی کمی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ملک میں محض تین سو سرکاری لائبریریاں ہیں جوآبادی کے تناسب کے لحاظ سے اونٹ کے منہ میں زیرہ ہیں۔ عوام میں کتب بینی کا شوق بڑھانے کیلئے پبلک لائبریریوں کی تعداد اور سہولیات بڑھانا ناگزیر ہے۔پنجاب حکومت کو مائیکرو لائبریریوں کے قیام کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود لائبریریوں کی حالت درست کرنے پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ دیگر صوبوں کو بھی عوام میں کتب بینی کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کے ان اقدامات کی پیروی کرنی چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں