اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نئی اقتصادی راہداریاں

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کے تعاون سے پانچ نئی اقتصادی راہداریاں شروع کرنے ‘گوادر کو کارگو حب بنانے اور گوادر عمان روٹ فعال کرنے کا عندیہ دیا ہے۔یہ منصوبے فی الفور شروع کیے جانے چاہئیں کیونکہ ان سے ملک کی معاشی حالت سنورے گی۔ قبل ازیں اگست میں پاکستان اور چینی حکام نے سی پیک کے دوسرے فیز میں نئی اقتصادی راہداریوں کے قیام پر اتفاق کیا تھا جبکہ یہ راہداریاں پاکستان کے ’5Es فریم ورک‘ کے ساتھ بھی منسلک ہیں‘ جس کے تحت اقتصادی بحالی کیلئے پانچ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں برآمدات‘ ای پاکستان‘ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی‘ توانائی اور انفراسٹرکچر اور مساوی بنیاد پر نوجوانوں کو بااختیار بنانا شامل ہے۔ نئی اقتصادی راہداریوں کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نئے منصوبوں کے آغاز اور نوجوانوں کو آئی ٹی مہارت فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ حکومت صنعتی وتجارتی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے‘تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ماضی میں اقتصادی راہداری منصوبوں کی رفتار سست رہی ہے۔ ایسا کیوں ہوا‘ اس کی توجیہ میں الجھنے کے بجائے اب نظریں کارکردگی پر مرتکز رکھنی چاہئیں۔ ماضی میں جو ہو چکا‘ اس کا ازالہ اسی صورت ہو سکتا ہے جب جاری منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھا دی جائے اور زیرِ تکمیل منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں