مسافروں کی آف لوڈنگ
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کے اجلاس میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس 51ہزار مسافروں کو جعلی یا نامکمل دستاویزات کی بنیاد پر بین الاقوامی پروازوں سے آف لوڈ کیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق ان سخت اقدامات کی بدولت پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 118ویں سے 92 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ گزشتہ برس یونان میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنیوالے حادثے‘ جس میں درجنوں پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے‘ اور خلیجی ممالک میں بھیک مانگنے پر ہزاروں پاکستانیوں کی ڈی پورٹیشن کے بعد سے غیر قانونی راستوں اور نامکمل یا جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

تاہم اس کریک ڈاؤن میں جائز اور مکمل دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے اب ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جعلی دستاویزات اور غیرقانونی مائیگریشن کے خلاف سختی سے نمٹنا ضروری ہے لیکن اس کیساتھ یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ درست اور مکمل دستاویزات کے حامل مسافر غیرمتعلقہ سوالات اور بلا ضرورت آف لوڈنگ سے محفوظ رہیں۔ ساتھ ہی حکومت نوجوانوں کی فنی تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرے تاکہ وہ بیرونِ ملک جا کر باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور ملکی وقار میں اضافے کا باعث بنیں۔