اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پری امیگریشن کلیئرنس

پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں پری امیگریشن کلیئرنس پر اتفاقِ رائے خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس سہولت کے تحت پاکستانی مسافر امارات روانگی سے قبل اپنے ہی ملک میں امیگریشن اور متعلقہ کلیئرنس مکمل کر سکیں گے جس سے انہیں متحدہ عرب امارات  پہنچنے پر ایئر پورٹس پر لمبی قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔اس منصوبے کا آغاز ابتدائی طور پر کراچی سے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ہو گا اور کامیاب نفاذ کے بعد اسے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ اس سہولت سے مزدور طبقہ‘ طلبہ اور وہ کاروباری افراد خاص طور پر مستفید ہو سکیں گے جو تسلسل کے ساتھ عرب امارات کا سفر کرتے ہیں۔

اس سے قبل سعودی عرب میں حج و عمرہ زائرین کو پری امیگریشن کلیئرنس کی محدود سہولت کا معاہدہ ہو چکا جبکہ قطر نے بھی مقامی سطح پر محدود طبی معائنے اور بائیو میٹرک کائونٹرز کھول رکھے ہیں۔ ایسے اقدامات سے بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کو آسانی اور سہولت میسر آتی ہے اور ادارہ جاتی سطح پر دو طرفہ تعاون مضبوط ہوتا ہے۔ حکومت کو یہ ماڈل دیگر اہم ممالک تک بھی پھیلانا چاہیے۔ یہ معاہدہ اس بات کا بھی مظہر ہے کہ مثبت بین الاقوامی تعلقات‘ منصوبہ بندی اور دوطرفہ تعاون کے ذریعے عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں