اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مثبت معاشی پیشرفت

بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کا آؤٹ لک مثبت سے مستحکم قرار دینا خوش آئند پیش رفت ہے۔ موڈیز کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ معاشی حالات میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں تاہم بحالی کی رفتار سست ہے۔ یہ تاثر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ ملکی مالیاتی نظام نے حالیہ دباؤ کو جذب کرنے کی صلاحیت تو دکھائی ہے مگر بلند شرح سود‘ محدود قرضہ جاتی سرگرمی اور نجی شعبے کی کمزور نمو جیسے عوامل اب بھی بینکنگ سیکٹر کی وسعت میں رکاوٹ ہیں۔ مذکورہ رپورٹ ملکی معیشت کے جن بنیادی نقائص کی نشاندہی کرتی ہے ان میں بیرونی فنانسنگ پر حد سے زیادہ انحصار‘ مہنگائی‘ حکومتی مالی مشکلات اور پالیسیوں پر کمزور عملدرآمد سرفہرست ہیں۔ موڈیز رپورٹ حکومت کیلئے پیغام ہے کہ وقتی ریلیف یا بیرونی سہاروں پر اکتفا کرنے کے بجائے گہری اور دیرپا اصلاحات کی جائیں۔

ٹیکس نیٹ کی توسیع‘ غیر دستاویزی معیشت کا خاتمہ‘ سرکاری اداروں کے خسارے میں کمی اور پالیسی تسلسل وہ اقدامات ہیں جو مالیاتی دباؤ کم کر سکتے ہیں۔ اس کیساتھ صنعتی سرگرمیوں‘ برآمدات پر مبنی نمو‘ زرعی ویلیو ایڈیشن اور ایس ایم ایز کی مالی معاونت کے ذریعے جی ڈی پی گروتھ کو بہتر بنانا ہو گا۔عالمی ادارے پاکستان کی معاشی سمت کو مثبت تسلیم کر رہے ہیں مگر یہ اعتماد مستقل محنت‘ مؤثر پالیسی نفاذ اور معاشی نظم و ضبط سے مشروط ہے۔ ریاست کو اس محدود اعتماد کو پائیدار معاشی اڑان میں بدلنا ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں