ہنر مندوں کیلئے مواقع
اٹلی کی جانب سے ہنر مند پاکستانیوں کے لیے ساڑھے دس ہزار ورک ویزوں کی یقین دہانی ایک اہم پیشرفت ہے۔ اطالوی ویزا کوٹہ بیرون ملک نوکری کے خواہش مند ہنر مند پاکستانیوں کو غیرقانونی طور پر یورپ جانے کے خطرے سے بچانے میں مدد کر ے گا۔ یہ اقدام نوجوانوں میں فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ دنیا بھر میں سکلڈ لیبر کی مانگ بڑھتی جا رہی ہے‘ خواہ وہ ہیلتھ کیئر ہو‘ زراعت‘ ہوٹلنگ یا صنعتی شعبہ۔ اگر نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے‘ غیر ملکی زبانیں سکھائی جائیں اور سرٹیفکیشن کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے تو پاکستان کی افرادی قوت عالمی سطح پر زیادہ مسابقتی بن سکتی ہے۔

اس وقت ملک میں بے روزگاری کی شرح بڑھ کر تقریباً 7.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے‘ جس میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔اس تناظر میں حکومت کو دیگر ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدوں کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنی چاہئیں تاکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔ بیرون ملک روزگار کے قانونی راستے جہاں نوجوانوں کو باعزت مستقبل فراہم کریں گے وہیں ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ اگر اس پالیسی کو تسلسل اور وسعت دی جائے تو یہ اقدام ایک طویل مدتی معاشی حکمتِ عملی کا نقطۂ آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔