ایل پی جی بھی مہنگی
مشرقِ وسطیٰ میں جیوپولیٹکل کشیدگی کے باعث توانائی بحران کے پیشِ نظر پٹرولیم مصنوعات کے بعد ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ایل پی جی کی ریٹیل قیمت 250 روپے فی کلو تھی‘ جو بڑھ کر مختلف شہروں میں 320 سے 350روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ بعض چھوٹے شہروں اور رہائشی علاقوں میں قائم گیس فلنگ سٹیشنوں پر ایل پی جی 400 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں یہ اضافہ مارکیٹ کی نگرانی اور قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد کے نظام کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔ قدرتی گیس کی قلت کے باعث بہت سے لوگ کھانا پکانے کیلئے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں۔ اسلئے اسکی قیمت میں اضافہ عام گھرانوں کے اخراجات پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ ایل پی جی کی طے شدہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے ۔ اس کیساتھ ساتھ ایل پی جی کی متبادل راستوں کے ذریعے درآمد کیلئے بھی کوششیں تیز کی جانی چاہئیں تاکہ سپلائی برقرار رہے اور قیمتوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔ حکومت کو مائع گیس ہی نہیں بلکہ تمام اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ غیرمعمولی علاقائی حالات کو جواز بنا کر ناجائز منافع خور عناصر کی جانب سے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔