اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

عید پر مہنگائی

ماہِ رمضان المبارک تکمیل کو پہنچ گیا مگر حکومتی دعووں کے باوجود اشیائے خورونوش کی قیمتیں قابو میں نہ آ سکیں ۔ اب عید کے موقع پر عوام کو ٹرانسپورٹرز کی ناجائز منافع خوری کا بھی سامنا ہو گا۔ ہر سال عیدین کے موقع پر حکومت کی طرف سے سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد کی یقینی دہانی تو کرائی جاتی ہے لیکن عملی صورتحال یکسر مختلف ہوتی ہے۔ خبروں کے مطابق رواں برس بھی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عید الفطر منانے کیلئے دوسرے شہروں میں جانے والے مسافروں سے 200 سے 500 روپے تک اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فوری بعد بھی ٹرانسپورٹرز کی طرف سے کرایوں میں 20سے 30فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔

منافع خوری کا یہ سلسلہ صرف کرایوں تک محدود نہیں بلکہ اشیائے خورونوش‘ بالخصوص پھلوں‘ سبزیوں اور گوشت کی قیمتوں کو بھی پر لگ چکے ہیں۔ منافع خوری کی یہ روش عوام کی عید کی خوشیوں کو گہنا دیتی ہے۔حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ لاری اڈوں اور سبزی و فروٹ منڈیوں میں سرکاری نرخ ناموں پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں اور منافع خوری کی روک تھام کیلئے کڑی نگرانی کریں۔ حکومت اور انتظامیہ کے بروقت اور مؤثر اقدامات سے عوام کی عید کی خوشیوں کو مہنگائی اور منافع خوری کی وجہ سے مشکلات میں تبدیل ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں