ون ریلنگ کا خطرناک رجحان
پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کے مطابق عید کے پہلے روز صوبے میں 2200سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 23افراد جاں بحق اور تقریباً 2800زخمی ہوئے۔ حادثات کا شکار ہونے والوں میں اکثریت موٹر سائیکل سواروں کی تھی‘ جس کی بڑی وجہ وَن ویلنگ تھی۔ ملک میں ایک پہیے پر موٹر سائیکل چلانے کا رجحان خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے۔ یوں تو عام دنو ں میں بھی سڑکوں پر اکثر نوجوان یہ خطرناک کرتب دکھاتے نظر آ جاتے ہیں مگر قومی و مذہبی تہواروں کے مواقع پر اس کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے ‘ یوں حادثات کی تعداد بھی ان مواقع پر خاصی بڑھ جاتی ہے۔

بڑھتے ٹریفک حادثات ایک مستقل قومی مسئلہ بن چکے ہیں۔ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سالانہ 35سے 40ہزار افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں لیکن قومی و مذہبی تہواروں کے موقع پر بالخصوص ٹریفک حادثات کی تعداد میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ اس روز سڑکوں پر وَن ویلنگ کرتے نوجوان نہ صرف اپنی بلکہ دیگر راہگیروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ایسے نوجوانوں کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ اگر والدین اور خاندانوں کے سر پرست ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو نوجوانوں کو اس خطرناک حرکت سے روکا جاسکتا ہے۔