اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پانی کی اہمیت

22مارچ کو دنیا بھر میں پانی کا عالمی دن منایا جاتا ہے‘ جس کا مقصد پانی کی اہمیت اور اس کے تحفظ کی ضرورت میں بارے آگاہی فراہم کرنا اور پانی کے عالمی بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان اُن 17 ممالک کی فہرست میں 14ویں نمبر پر ہے جو شدید آبی قلت کا شکار ہیں۔ وزارتِ آبی وسائل کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ملک میں پانی کی فی کس دستیابی 899 مکعب میٹر رہ گئی ہے جو 1951ء میں 5260مکعب میٹر تھی ۔ ان حالات میں آبی قلت کے مسئلے پر قومی سطح پر غور و فکر کی ضرورت ہے۔ عالمی یومِ آب بھی ہماری توجہ اس جانب مبذول کراتا ہے کہ اگر ملک میں پانی کو محفوظ بنانے کیلئے دیرپا اقدامات نہ کیے گئے تو آبی قلت کا مسئلہ مزید سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔

ملکِ عزیز میں آبی ذخائر کی قلت کا مسئلہ تو درپیش ہے ہی لیکن اس سے بھی بڑا مسئلہ میٹھے پانی کے بے دریغ استعمال کا ہے۔ ملک میں مون سون میں اتنی بارشیں ہوتی ہیں کہ اگر اس بارشی پانی کو ذخیرہ کر لیا جائے تو زراعت کی ضروریات اس پانی سے پوری کی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح گھریلو سطح پر صاف پانی کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے اب شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ سر اٹھا چکا ہے۔ حکومت کو آبی تحفظ یقینی بنانے کیلئے آبی ذخائر میں اضافے کیساتھ ساتھ عوام میں پانی کے استعمال کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کرنے کی آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں