معیشت بحالی کی راہ پر
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لُک پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت تصویر پیش کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی میں سخت میکرو اکنامک پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستانی معیشت نے بحالی کی راہ اختیار کی ہے۔ یہ پیش رفت اس امر کی علامت ہے کہ طویل عرصے سے جاری معاشی دباؤ کے باوجود پالیسی سطح پر کچھ درست سمت میں پیشرفت ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان اقدامات کی وجہ سے حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو‘ جو مالی سال 2025ء میں 3.1 فیصد تھی‘ وہ رواں مالی سال میں 3.5 فیصد اور مالی سال 2027ء میں 4.5 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔ تاہم اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان کے مطابق یہ معاشی بحالی ابھی نازک مرحلے میں ہے۔

اگر اصلاحات میں تسلسل اور پالیسی استحکام برقرار نہ رکھا گیا تو حاصل شدہ معاشی فوائد دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ عالمی غیر یقینی صورتحال خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ملکی معیشت کیلئے بڑا بیرونی خطرہ ہے لہٰذا معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے اصلاحات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ اس ضمن میں توانائی کے شعبے کی اصلاح‘ سرکاری ملکیتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری‘ ٹیکس نیٹ کا دائرہ وسیع کرنا اور برآمدات کی بنیاد کو متنوع بنانا ناگزیر ہے۔ مالیاتی نظم و ضبط‘ غیر ضروری سبسڈیز میں کمی اور پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کا فروغ ہی وہ راستہ ہے جو معیشت کو پائیدار ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے۔