اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

فِچ ریٹنگ

عالمی ریٹنگ ایجنسی  فِچ نے حالیہ آؤٹ لُک میں پاکستان کی معیشت کو مستحکم قرار دیتے ہوئے اپنی کریڈٹ ریٹنگ بی مائنس پر برقرار رکھی ہے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک کو مالیاتی دباؤ‘ بیرونی ادائیگیوں اور توانائی کے بحران جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت میں کچھ بنیادی استحکام ضرور آیا ہے جس میں زرِمبادلہ ذخائر کی بحالی‘ شرح سود میں کمی کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور جی ڈی پی کی بتدریج نمو شامل ہیں۔ لیکن ساتھ ہی کئی سنگین خدشات بھی برقرار ہیں‘ خصوصاً توانائی کے شعبے میں بیرونی انحصار‘ عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کا خطرہ‘ بڑھتی ہوئی بیرونی ادائیگیاں اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی واپسی۔ مہنگائی میں ممکنہ اضافہ بھی عوامی سطح پر مشکلات کو بڑھا سکتا ہے۔

یہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ حکومت وقتی استحکام پر اکتفا کرنے کے بجائے دیرپا معاشی اصلاحات کی جانب سنجیدگی سے پیش قدمی کرے۔ ٹیکس نظام میں وسعت‘ توانائی کے شعبے میں خود کفالت‘ برآمدات میں اضافہ اور گورننس میں بہتری وہ بنیادی ستون ہیں جن پر مضبوط معیشت کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ فِچ کی جانب سے مستحکم آؤٹ لک ایک حوصلہ افزا اشارہ ضرور ہے مگر اصل کامیابی اس وقت ہو گی جب حکومت اس استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہو جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں