ایڈز پھیلاؤ کی وجوہات
ایک خبر کے مطابق سندھ میں رواں برس کے پہلے تین مہینوں میں ایچ آئی وی کے 894 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں قومی اسمبلی میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 84 ہزار 400 سے زائد افراد ایچ آئی وی میں مبتلا ہیں۔ تونسہ کے ایک سرکاری ہسپتال میں استعمال شدہ سرنجوں کے ذریعے بچوں کو انجکشن لگانے کے انکشاف نے اس مرض کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ کو بے نقاب کیا ہے۔ تونسہ میں نومبر 2024ء سے اکتوبر 2025ء کے دوران 331 بچے ایچ آئی وی میں مبتلا ہوئے جن میں سے نصف کیسز کو استعمال شدہ سرنجوں سے جوڑا گیا۔ اس شدید مجرمانہ غفلت کے باوجود حکومتی اقدامات محض رسمی بیانات تک محدود رہے‘ جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ کئی ماہ بعد بھی اس ہسپتال میں استعمال شدہ سرنجوں کے بار بار استعمال کے شواہد سامنے آ رہے ہیں۔

حکومت بیانات اور وقتی اقدامات سے آگے بڑھے اور تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنوائے اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی کی جائے۔ غیر قانونی کلینکس اور عطائیوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ ساتھ ہی وسیع پیمانے پرعوامی آگاہی مہم بھی ناگزیر ہے تاکہ لوگ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے اسباب‘ احتیاطی تدابیر اور بروقت تشخیص کی اہمیت سے آگاہ ہو سکیں۔