اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مفت بجلی کی سہولت ختم

پاور ڈویژن کی جانب سے پاور سیکٹر کے گریڈ 17سے 22تک کے ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی کی سہولت کا خاتمہ  حکومتی کفایت شعاری مہم سے ہم آہنگ اقدام ہے اورتوانائی کے شعبے کے خسارے کو کم کرنے کی جانب ایک عملی پیشرفت۔ ایک اندازے کے مطابق گریڈ 17سے 22تک کے افسران کو سالانہ تقریباً سات کروڑ پچاس لاکھ یونٹس بجلی مفت فراہم کی جاتی ہے‘ جس کی مالیت تقریباًساڑھے چار ارب روپے بنتی ہے۔ حالیہ فیصلے کے بعد قومی خزانے پر پڑنے والا یہ اضافی بوجھ ختم ہو جائے گا۔ اس اقدام سے ادارہ جاتی شفافیت اور مالی نظم و ضبط کو بھی فروغ ملے گا جو کسی بھی معیشت کی بہتری کیلئے ناگزیر ہے۔ بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافے کے باعث یہ عام شہری کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکی ہے‘ ایسے میں مخصوص طبقات کو مفت بجلی کی فراہمی معاشرتی عدم توازن کو مزید گہرا کرتی ہے۔

اس فیصلے سے نہ صرف حکومت کے مالی بوجھ میں کمی آئے گی بلکہ ایک حد تک سماجی مساوات کی بحالی بھی ممکن ہو سکے گی۔ اصلاحات کا یہ عمل یہاں رکنا نہیں چاہیے۔ حکومت کو دیگر سرکاری اداروں میں دی جانے والی بھاری مراعات اور سبسڈیز کا بھی ازسرِنو جائزہ لینا ہوگا۔ غیر ضروری اخراجات میں کمی‘ شفافیت میں اضافہ اور وسائل کے مؤثر استعمال کے بغیر معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار نہیں کیا جا سکتا۔ اگر حکومت اسی تسلسل کے ساتھ جرأتمندانہ فیصلے کرتی رہی تو نہ صرف معیشت مستحکم ہوگی بلکہ حکومت پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہو سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں