کاروباری اعتماد میں کمی
ملک میں کاروباری اعتماد کا جائزہ لینے کیلئے کیے گئے ایک تازہ سروے کے مطابق 2026 ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران نجی شعبے کے کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ ’گیلپ بزنس کانفیڈنس انڈیکس‘ کیلئے ملک بھر میں 510 کاروباری اداروں میں کیے گئے سروے کے مطابق صرف 41 فیصد اداروں نے اپنی کارکردگی کو اچھا قرار دیا‘ جو2025ء کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے۔ کاروباری ادارے مستقبل کے بارے میں بھی مایوسی کا شکارہیں اور 57فیصد اداروں نے مستقبل کے بارے میں منفی خدشات کا اظہار کیاہے۔ ملک کی مجموعی معاشی سمت کا سکور بھی منفی 32 فیصد تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ سہ ماہی میں منفی آٹھ فیصد تھا۔ اسی طرح 37 فیصد کاروباری اداروں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔

توانائی کے بڑھتے ہوئے نرخ‘ طویل لوڈشیڈنگ اور پیداواری لاگت میں اضافہ مجموعی کاروباری ماحول کو غیر مستحکم بنا رہا ہے۔ یہ سروے معاشی پالیسی سازوں کیلئے ایک انتباہ ہے‘ جس کے نتائج مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ بروقت اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات مزید گہرے اور دیرپا ہو سکتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فوری عملی اقدامات کرے تاکہ نہ صرف مہنگائی اور توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے بلکہ نجی شعبے کا اعتماد بھی بحال ہو۔