اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

کامیاب سیٹیلائٹ لانچنگ

سپارکو نے چین کے تائی یوان سیٹیلائٹ لانچ سنٹر سے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹیلائٹ ’’ای او-3‘‘ کی کامیاب لانچنگ کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت ملکی ماہرین کی سائنسی مہارت کا ثبوت ہے۔ ای او تھری سیٹیلائٹ شہری منصوبہ بندی‘ قدرتی آفات سے نمٹنے‘ غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں اعلیٰ معیار کا تصویری ڈیٹا فراہم کرے گا۔ ملک عزیز میں جس طرح موسمیاتی تبدیلیاں سنگین صورت اختیار کرتی جا رہی ہیں ایسے میں بروقت اور درست ڈیٹا پالیسی سازی اور ہنگامی ردِعمل دونوں کو مؤثر بنا سکتا ہے۔ مزید برآں جدید سینسرز اور اے آئی پر مبنی ڈیٹا پروسیسنگ کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات زرعی پیداوار کی پیشگوئی‘ آبی وسائل کے بہتر استعمال اور شہری پھیلاؤ کے نظم و نسق میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گی۔

چین کے تعاون سے حاصل ہونیوالی یہ کامیابی ملک کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے‘ تاہم ضروری ہے کہ اس شعبے میں خود انحصاری کو فروغ دیا جائے۔ تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری‘ مقامی ٹیکنالوجی کی تیاری اور انسانی وسائل کی تربیت پر توجہ دے کر ہی یہ کامیابیاں پائیدار بنائی جا سکتی ہیں۔ ای اوتھری کی کامیاب لانچنگ ایک امید افزا آغاز ہے مگر اصل چیلنج اس ٹیکنالوجی کو قومی ترقی کے عملی اہداف سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ اگر اس سیٹیلائٹ سے حاصل ہونیوالے ڈیٹا کو مؤثر حکمت عملی کیساتھ استعمال کیا گیا تو یہ ملک کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں ایک مضبوط بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں