المناک ٹریفک حادثات
پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ ماہ صوبے میں 43ہزار سے زائد ٹریفک حادثات میں 434افراد جاں بحق اور 23ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ یعنی ہر روز ٹریفک حادثات میں اوسطاً 14افراد جاں بحق اور 740سے زائد زخمی ہوئے۔ بڑھتے ٹریفک حادثات ایک سنگین المیہ بن چکے ہیں۔ ایشین ٹرانسپورٹ آبزرویٹری کے مطابق پاکستان میں اوسطاً ہر 19منٹ میں ایک شخص ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو رہا ہے۔ عوام کی کثیر تعداد کا ہر روز حادثات کا شکار ہونا یقینا نظام میں خرابیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔سگنلز کی خلاف ورزی‘ تیز رفتاری‘ غلط اوور ٹیکنگ اور بغیر ہیلمٹ یا سیٹ بیلٹ کے غیر محتاط ڈرائیونگ کو معمولی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے اور یہی غیر ذمہ دارانہ رویہ حادثات کا سبب بنتاہے۔ اگلے روز اسلام آباد میں دو ریس لگاتی گاڑیوں نے آٹھ افراد کو کچل دیا۔

ضروری ہے کہ ایسے سنگین واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر کے دوسروں کیلئے مثال بنایا جائے۔ اگرچہ حالیہ مہینوں میں حکومت نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جرمانوں اور سزاؤں میں اضافے جیسے اقدامات کیے ہیں لیکن پھر بھی صورتحال میں کوئی بہتری دکھائی نہیں دیتی۔ اس ضمن میں سخت قانون سازی کیساتھ ساتھ عوامی شعور بیدار کرنا بھی ناگزیر ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔