اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نیشنل پاپولیشن کونسل

وفاقی حکومت نے ملک میں تیزی سے بڑھتی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے 16رکنی نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کی ہے جس کا مقصد قومی سطح پر آبادی سے متعلق ترجیحات طے کرنا‘ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ‘ نیشنل پاپولیشن سٹیبلائزیشن پروگرام پر عمل درآمد اور آبادی کے رجحانات کی مسلسل نگرانی کرنا بتایا گیا ہے۔ پاکستان اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔ ملکی آبادی میں سالانہ تقریباً 2.55 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر آبادی میں اضافہ اسی رفتار سے جاری رہا تو شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا مزید دشوار ہو جائے گا؛ چنانچہ عوام کو زندگی کی بہتر سہولتیں مہیا کرنے کے لیے آبادی کی شرح کو کنٹرول کرنا حکومت کے لیے ایسا چیلنج ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

تاہم حقیقت یہ ہے کہ آبادی میں استحکام صرف سرکاری پالیسیوں سے ممکن نہیں‘ اس کے لیے خاندانی منصوبہ بندی کی سہولتوں تک عوام کی آسان رسائی‘ بنیادی مراکزِ صحت میں ضروری ادویات اور تربیت یافتہ عملے کی دستیابی‘ خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانے کے اقدامات‘ ماں اور بچے کی صحت کے پروگراموں میں بہتری اور عوامی آگاہی مہمات جیسے اقدامات ناگزیر ہیں۔  اگر حکومت بہبودِ آبادی کو ایک سیاسی نعرہ بنانے کے بجائے واضح اہداف‘ مؤثر اختیارات اور سخت نگرانی کے ساتھ کام کرتی ہے تو ہی یہ اقدام مستقبل میں قومی ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں