اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

حساس ڈیٹا کا تحفظ ضروری

این سی سی آئی اے نے شہریوں کے کال ڈیٹا ریکارڈ‘ سموں کی ملکیت‘ فیملی رجسٹریشن‘ لوکیشن ڈیٹا اور دیگر حساس معلومات کی خرید و فروخت میں ملوث تین ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔ملک عزیز میں ایسے جرائم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جن میں شہریوں کی ڈیجیٹل معلومات کی چوری سے انہیں بلیک میل کیا جاتا ہے یا مالی نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ایسے جرائم میں ملوث عناصر قانون کی گرفت میں آتے رہتے ہیں مگر سوال یہ ہے کہ ایسا حساس ڈیٹا‘ جس تک صرف متعلقہ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں‘ مالیاتی اداروں یا مجاز سرکاری اداروں کو رسائی ہوتی ہے‘ ان جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھ کیسے لگتا ہے؟ این سی سی آئی اے‘ ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو چاہیے کہ ان معاملات کی تہہ تک جاتے ہوئے ان جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

حکومت کو بھی چاہیے کہ ذاتی معلومات کے تحفظ سے متعلق قوانین اور ان پر عمل درآمد کو مزید مؤثر بنائے۔چند گرفتاریاں وقتی اطمینان تو فراہم کر سکتی ہیں لیکن اس مسئلے کا دیرپا حل اسی وقت ممکن ہو گا جب حساس ڈیٹا کے غیرقانونی کاروبار کی پوری زنجیر بے نقاب ہو‘ اس کے سہولت کار قانون کے کٹہرے میں آئیں اور ایسا مضبوط نظام تشکیل دیا جائے جس میں شہریوں کی نجی معلومات واقعی محفوظ رہ سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں