اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

عالمی اے آئی تعاون تنظیم

پاکستان کا عالمی اے آئی تعاون تنظیم(WAICO) کا بانی رکن بننا بلاشبہ ایک اہم سفارتی‘ تکنیکی اور تزویراتی پیشرفت ہے۔ اس تنظیم میں شمولیت مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پاکستان کے عزم کا اظہار اور اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ مستقبل کی معیشت‘ صنعت‘ صحت‘ زراعت اور قومی سلامتی کا بڑا انحصار مصنوعی ذہانت پر ہو گا۔ اس تنظیم کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت کے میدان میں عالمی تعاون کو فروغ دینا‘ ترقی پذیر ممالک کو جدید ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی فراہم کرنا اور عالمی سطح پر اے آئی مساوات قائم کرناہے۔ پاکستان کیلئے اس تنظیم کا بانی رکن بننا اسلئے بھی اہم ہے کہ اسے مستقبل کی عالمی پالیسی سازی‘ مشترکہ تحقیق‘ استعدادِ کار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے میں مؤثر کردار کا موقع ملے گا۔

تاہم کسی بھی بین الاقوامی تنظیم کی رکنیت اسی وقت حقیقی ثمرات دیتی ہے جب ملک کے اندر موزوں اور مؤثر پالیسیاں موجود ہوں۔ حکومت کو چاہیے کہ اے آئی کے حوالے سے جامع قومی حکمت عملی ترتیب دے‘ نوجوانوں کو اے آئی‘ پروگرامنگ‘ ڈیٹا سائنس‘ سائبر سکیورٹی اور دیگر جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی معیاری تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت کو عالمی اے آئی تعاون تنظیم کی رکنیت کو دانشمندانہ منصوبہ بندی‘ مؤثر سرمایہ کاری اور مستقل مزاجی کے ذریعے قومی ترقی کی منزل میں تبدیل کرنا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں