اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پاسپورٹ درجہ بندی

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ مزیدتنزلی کے بعد 101ویں نمبر پر آ گیا ہے اور دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ پاکستان سے نیچے عراق‘ شام اور افغانستان ہیں جبکہ خانہ جنگی اور سیاسی عدم استحکام کا شکار یمن‘ صومالیہ‘ سوڈان اور لیبیا جیسے ممالک بھی اس فہرست میں پاکستان سے بہتر مقام پر ہیں ہیں۔ 2006ء میں پاکستانی پاسپورٹ 79ویں نمبر پر تھا مگر بیس برسوں میں اس کی درجہ بندی میں تقریباً 22درجے کی تنزلی ہو چکی ہے۔ اس تنزلی کی متعدد وجوہات ہیں۔ غیر قانونی امیگریشن‘ ویزا شرائط کی خلاف ورزی‘ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس‘ جعلی پاسپورٹ اور دیگر جعلی دستاویزات کے استعمال کی وجہ سے کئی ممالک پاکستانی شہریوں کے بارے میں زیادہ محتاط ہو چکے ہیں۔

جب کسی ملک میں جعلی سفری دستاویزات استعمال ہوتی ہیں تو متعلقہ ملک صرف ایک فرد پر نہیں بلکہ پورے نظام کی ساکھ پر سوال اٹھاتا ہے جس کے نتیجے میں ویزا پالیسی مزید سخت ہو جاتی ہے اور اس کا نقصان تمام پاکستانی شہریوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال سے نکلنے کے لیے سفری دستاویزات کے نظام کو شفاف بنانا‘ جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی‘ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کا خاتمہ‘ مؤثر سرحدی نگرانی‘ ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اور دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں