اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ڈینگی پھیلاؤ، خطرات

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے بڑھتے خطرات حکام کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ ایک خبر کے مطابق لاہور میں ڈینگی کے 30ہزار سے زائد ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں رواں سیزن اب تک ڈینگی کے 40‘ راولپنڈی میں 54 جبکہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 179 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اگرچہ یہ اعدادوشمار کسی بڑے وبائی پھیلاؤ کی علامت نہیں‘ تاہم ہزاروں ہاٹ سپاٹس کی موجودگی کو معمولی سمجھنا سنگین غفلت ہو گی۔ ڈینگی کی روک تھام میں سب سے اہم مرحلہ مچھروں کی افزائش کے مقامات کا خاتمہ ہے۔ ماضی میں جس طرح عوامی آگاہی مہمات‘ گھروں اور کاروباری مقامات کے باقاعدہ معائنے اور انسدادی سرگرمیوں کے ذریعے اس خطرے پر قابو پانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں‘ اب وہ جوش و خروش نظر نہیں آتا۔

صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ ڈینگی کے حوالے سے حساس علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر انسدادِ ڈینگی مہم تیز کریں۔ گھروں‘ چھتوں‘ زیرِ تعمیر عمارتوں‘ کباڑ خانوں‘ ٹائر شاپس اور خالی پلاٹوں کی باقاعدہ جانچ کی جائے۔ اسی طرح سیوریج اور نکاسی آب کے ناقص نظام کو بہتر بنانا بھی ضروری ہے تاکہ گلی کھڑا پانی میں مچھروں کی افزائش نہ ہو۔ اس سے پہلے کہ ڈینگی خطرناک صورت اختیار کرلے‘ پیشگی حکمت عملی اپنانا ہی دانش مندی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں