اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

کرکٹ: چار سالہ انتظار کا خاتمہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا کر اپنے مداحوں کو طویل عرصے بعد بڑی خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔ گزشتہ روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں‘ جب محض 154 رنز پر پاکستان کی نو وکٹیں گر چکی تھیں اور شکست بالکل سامنے نظر آ رہی تھی‘ ایسے مایوس کن لمحات میں آخری وکٹ کیلئے 89 رنز کی ریکارڈ اور ناقابل شکست شراکت داری نے انگلینڈ کے جبروں سے جیت چھین لی۔ شاداب خان نے پانچ چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری سکور کی۔ یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستانی ٹیم چار سال کے طویل انتظار کے بعد کسی کثیر القومی ٹورنامنٹ یا سیریز کے فائنل میں پہنچی ہے۔

آخری مرتبہ نومبر 2022ء میں آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوا تھا‘ اس کے بعد سے ملکی ٹیم مسلسل اتار چڑھاؤ اور خراب پرفامنس کا شکار رہی اور اکثر بڑے ایونٹس کے پہلے مرحلے میں ہی باہر ہو جاتی رہی۔ تاہم گزشتہ روز کے سنسنی خیز میچ اور یادگار فتح نے ٹیم کے عروج کے دنوں کی یاد کو تازہ کر دیا ہے۔ اب پاکستان 31 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف فائنل کا بڑا معرکہ کھیلے گا۔ بلاشبہ یہ کامیابی پاکستانی کرکٹ کیلئے ایک نئی صبح کی مانند ہے جس نے ہوم گراؤنڈ پر قومی ٹیم کودوبارہ ایک مضبوط قوت کے طور پر لا کھڑا کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں