اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

جی 24 کی سربراہی

پاکستان کا ترقی پذیر ممالک کے بین الحکومتی گروپ جی 24 کی سربراہی سنبھالنا بلاشبہ ایک اہم سفارتی اور معاشی پیش رفت ہے۔ ایسے وقت میں جب دنیا کی معیشت جغرافیائی سیاسی کشیدگی‘ قرضوں کے بڑھتے بوجھ‘ موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی مالیاتی عدم توازن جیسے چیلنجز سے دوچار ہے‘ پاکستان کو ترقی پذیر ممالک کی اجتماعی آواز کی قیادت کا موقع ملنا خوش آئند ہے۔ اس گروپ کا بنیادی مقصد ترقی پذیر ممالک کے درمیان معاشی اور مالیاتی معاملات پر مشترکہ مؤقف تشکیل دینا اور عالمی مالیاتی اداروں‘ بالخصوص آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک میں انکے مفادات کا مؤثر دفاع کرنا ہے۔ اس گروپ میں پاکستان کے علاوہ بھارت‘ ایران‘برازیل‘ ارجنٹائن‘ جنوبی افریقہ‘ نائیجیریا‘ مصر اور دیگر افریقی‘ ایشیائی اور لاطینی امریکی ممالک شامل ہیں۔

عالمی مالیاتی نظام میں پالیسی سازی اور فیصلہ سازی پر ترقی یافتہ معیشتوں کا اثرورسوخ نسبتاً زیادہ ہے۔ ترقی پذیر ممالک طویل عرصے سے عالمی مالیاتی اداروں میں اپنے حصص‘ ووٹنگ پاور اور نمائندگی میں اضافے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔ پاکستان اب اس مطالبے کو اجتماعی سطح پر آگے بڑھانے‘ عالمی معاشی مباحث میں اپنا کردار منوانے اور اہم عالمی فورمز پر ترقی پذیر ممالک کے مسائل کو اجاگر کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔ بلاشبہ جی 24 کی سربراہی پاکستان کیلئے ایک اہم موقع ہے۔ حکومت کو اس سفارتی کامیابی کو ملک کیلئے دیرپا عالمی اعتماد میں اضافے کیلئے استعمال کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں