پاکپتن بس حادثہ
گزشتہ روز پاکپتن میں بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 30سے زائد زخمی ہو گئے۔ ملک میں بڑھتے ٹریفک حادثات حکام کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ ریسکیو حکام کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں پنجاب میں 44 ہزار 797 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے‘ جن میں 464 افراد جاں بحق اور 23 ہزار 543 شدید زخمی ہوئے۔ ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی‘ تیز رفتاری‘ ڈرائیوروں کی لاپروائی‘ گاڑیوں کی ناقص حالت اور سڑکوں کی خستہ حالی شامل ہیں۔ بالخصوص مسافر بسوں کے حادثات میں تیز رفتاری اور ڈرائیوروں کی تھکن اہم عوامل ہیں۔

ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک قوانین پر بلاامتیاز سختی سے عمل درآمد کیساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کی فٹنس کی باقاعدہ جانچ یقینی بنائی جائے۔ کمرشل ڈرائیوروں کیلئے تربیت اور طبی معائنے کیساتھ ڈرائیونگ کے اوقات اور لازمی آرام کا دورانیہ بھی مقرر کیا جائے۔ دوسری جانب خستہ حال سڑکوں کی مرمت‘ خطرناک موڑوں پر حفاظتی انتظامات‘ مناسب روشنی‘ واضح سائن بورڈز اور حادثات کے زیادہ خطرے والے مقامات کی نشاندہی بھی حادثات کی شرح کو نیچے لانے میں مدد دے سکتی ہے۔