پنجاب میں بلدیاتی انتخابات
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے کی صوبائی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے صوبے میں سات فروری 2027ء سے مرحلہ وار انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے 15 دسمبر 2026ء سے 15 جنوری 2027ء کے دوران انتخابات کرانے پر اتفاق کیا تھا‘ تاہم صوبائی حکومت نے شدید سردی‘ دھند اور انتظامی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے 20 جنوری کے بعد انتخابات کرانے کی درخواست کی‘ جسے منظور کر لیا گیا۔ اب اسے مزید آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015میں منعقد ہوئے تھے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں الیکشن کمیشن صوبے میں انتخابات کیلئے متعدد مرتبہ انتخابی پروگرام جاری کر چکا لیکن کبھی قانون میں تبدیلی‘ کبھی حلقہ بندیوں اور کبھی انتظامی وجوہات کی بنا پر انتخابی عمل آگے نہ بڑھ سکا۔

بلدیاتی ادارے عوام کے روزمرہ مسائل کے حل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان اداروں کی عدم موجودگی میں شہریوں کے چھوٹے چھوٹے مسائل بھی صوبائی حکومت اور انتظامیہ کے رحم و کرم پر رہتے ہیں۔ اب جبکہ الیکشن کمیشن نے سات فروری 2027ء کی تاریخ مقرر کر دی ہے‘ صوبائی حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ اسے حتمی تصور کرتے ہوئے انتخابی عمل کیلئے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کریں۔ الیکشن کمیشن کو اب اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انتخابات کا بروقت اور شفاف انعقاد یقینی بنانا ہوگا۔