اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

معاشی استحکام اور اثرات

وزیراعظم شہباز شریف نے بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے برآمدات میں اضافہ‘ نجی شعبے کو بااختیار بنانے اور ساختی اصلاحات کا عمل جاری رکھنا ہو گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 11 فیصد اور پالیسی ریٹ ساڑھے 23 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں 400 ارب روپے کی ٹیکس رعایتیں بھی دی گئی ہیں۔حکومت کے دعوے ایک جانب مگر حقیقت یہ ہے کہ معیشت اور سرمایہ کاری کی زمینی صورتحال عام آدمی کی معاشی مشکلات میں کمی کی نشاندہی نہیں کرتی۔

عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح بڑھ کر 29 فیصد ہو چکی ہے جبکہ  بیروزگاری کی شرح 7.1 فیصد ہے۔ یہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ میکرو معاشی اشاریوں کیساتھ عوام کی قوتِ خرید اور روزگارکو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے۔ ملکی معیشت کی عملی تصویر سرمایہ کاری کے اعدادوشمار سے بھی واضح ہوتی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 1.63ارب ڈالر رہا جو مالی سال 2024ء کے مقابلے میں تقریباً 34فیصد کم تھا۔حکومت کومعیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو حقیقی ریلیف کی فراہمی بھی یقینی بنانا ہو گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں