اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مفاہمتی سیاست اور قومی مسائل کا حل

جمعرات کو ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تمام معاملات باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں کہا گیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے منظور کی گئیں‘ آئندہ بھی تمام معاملات پر مل بیٹھ کر مشاورت کے ذریعے حل نکالا جائے گا۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اتحادی جماعتوں میں اختلافات کا تاثر ابھر رہا ہے اور مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی‘ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے مابین بعض انتظامی معاملات اور پالیسی سازی کے حوالے سے تحفظات کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ ایسے ماحول میں ملک کے اعلیٰ ترین آئینی مناصب پر فائز رہنماؤں کا سر جوڑ کر بیٹھنا اور تمام مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کا عزم دہرانا سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے اور غیریقینی کی فضا کو ختم کرنے کی ایک مثبت کاوش ہے۔ ایسے وقت میں جب ملک کے مغربی علاقوں کو دہشت گردی کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے اور عالمی جیو پولیٹکل حالات کے سبب معاشی منڈیوں میں بھی غیریقینی کی سی صورتحال ہے‘ ملک میں نئے سیاسی محاذ کھولنا محض اپنی مشکلات کو مزید بڑھانے کے مترادف ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی سیاسی تاریخ مفاہمت اور درمیانی راستہ نکالنے سے عبارت رہی ہے۔ اسی طرح شہباز شریف انتظامی معاملات کو تیزی سے آگے بڑھانے کے خواہاں رہتے ہیں۔

ان دونوں رہنماؤں کا یہ اعتراف کہ ماضی کی آئینی ترامیم تمام اتحادیوں کی مشاورت سے ممکن ہوئیں‘ دوٹوک پیغام ہے کہ مستقبل میں بھی کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کیا جائے گا اور وفاق کی تمام اکائیوں کے مفادات کو مقدم رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بھی رابطہ کرنا چاہیے اور مفاہمانہ سیاسی طرزِ عمل کو فروغ دینا چاہیے۔ مذکورہ ملاقات میں ملک کے دو اعلیٰ سطحی رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جو علاقائی سلامتی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مشرقِ وسطیٰ اس وقت کشیدگی کی زد میں ہے جس کے براہِ راست اثرات نہ صرف عالمی معیشت اور تیل کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں بلکہ پاکستان کے معاشی اور سفارتی مفادات بھی اس سے جڑے ہوئے ہیں۔ لاکھوں پاکستانی شہری خلیجی ممالک میں مقیم ہیں‘ جن کا تحفظ اور روزگار ریاست کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ ملک کی معاشی بحالی بھی بڑی حد تک مشرقِ وسطیٰ کے حالات سے وابستہ ہے۔ مالیاتی اداروں کیساتھ معاہدوں کی پاسداری‘ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف فراہم کرنا اسی صورت ممکن ہے جب اہم معاملات پر وفاق اور صوبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہو اور ملک میں سیاسی برداشت اور مفاہمت کا ماحول ہو۔ چونکہ مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) جبکہ سندھ اور بلوچستان کے اقتدار میں پیپلز پارٹی کلیدی حیثیت رکھتی ہے اس لیے کم از کم ان جماعتوں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری پورے ملک میں گورننس کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے۔

دوسری جانب اس حقیقت سے بھی صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا کہ ایسی ملاقاتیں تبھی ثمر آور ثابت ہو سکتی ہیں جب ان پر عملی پیش رفت بھی ہو۔ اتحادی جماعتوں کو اپوزیشن کے ساتھ بھی بامعنی مکالمے کی ضرورت ہے۔ مشکل معاشی حالات اور علاقائی غیریقینی صورتحال کے اس دور میں ہمارا ملک کسی بھی قسم کے سیاسی انتشار یا کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جمہوریت کا حسن اختلافِ رائے کو برداشت کرنے اور تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنے میں ہے۔ باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے مسائل حل کرنے کا عزم محض سیاست تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کے اثرات عام آدمی کی زندگی میں آسانی‘ آئینی اداروں کی مضبوطی اور ملک میں پائیدار سیاسی و معاشی استحکام کی صورت میں بھی نظر آنے چاہئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں