ایشوریہ رائے کا گانا بھارت کی نصابی کتاب میں شامل
ممبئی(شوبز ڈیسک) بھارت کی ریاست اڑیسہ میں آٹھویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی ووڈ فلم کے معروف گانے ‘‘نمبوڑا نمبوڑا’’ کو شامل کیے جانے پر شدید تنازع سامنے آگیا ہے ۔
سوشل میڈیا پر کتاب کے صفحات وائرل ہونے کے بعد والدین، اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم نے نصاب کی تیاری پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکام سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے ۔ آٹھویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی کتاب ‘‘کیرتی’’ کے ایک باب میں 1999 کی بالی ووڈ فلم ‘‘ہم دل دے چکے صنم’’ کے مقبول گانے ‘‘نمبوڑا، نمبوڑا’’ کے مکمل بول شائع کیے گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کتاب میں اس گانے کو راجستھانی لوک گیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے ، صورتحال سنگین ہونے پر اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل کے سینئر افسران کو معطل کر دیا، خصوصی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔