پاک چین دوستی نسلوں پر محیط، سی پیک سے تعاون مزید مضبوط ہوگا: چینی سفیر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائے ڈونگ نے خصوصی خطاب کیا۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین نے 2025 میں 140.2 ٹریلین یوآن جی ڈی پی حاصل کی جبکہ پہلی سہ ماہی میں معیشت کی شرح نمو 5 فیصد رہی، انہوں نے بتایا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت دنیا بھر میں ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 25.9 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی، جس کے نتیجے میں 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئیں۔

ان کے مطابق اس منصوبے کے تحت 8 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی اور 510 کلومیٹر ایکسپریس ویز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ مالی سال 2026 میں پاکستان کی معیشت 3.7 فیصد کی شرح سے بڑھی جبکہ ملک کی جی ڈی پی 452 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی عمل میں سہولت کاری کر کے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک تعاون کو مزید وسعت دیں گے جبکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے یعنی سی پیک 2.0 کی تعمیر بھی تیز کی جائے گی۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے اور دونوں ممالک مشترکہ ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں