کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا وژن چین کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وژن کے باعث چینی عوام نے ترقی اور خوشحالی حاصل کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی قیادت نے اپنی مؤثر پالیسیوں کے ذریعے لاکھوں افراد کو غربت سے نکالا، پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا کلیدی کردار ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی نسلوں پر محیط ہے، جبکہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان ترقی اور خوشحالی کا اہم منصوبہ ہے، ان کے مطابق سی پیک ٹو کے ذریعے پاکستان ترقی کے مزید مراحل طے کر رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ثالثی کی کوششیں کیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے مل کر خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔