دانش سکول اور یونیورسٹی قوم کے مستقبل کی بہترین سرمایہ کاری ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثے ہیں، ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کا قیام قوم کے تابناک مستقبل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس قائم کیا جائے، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے اور تدریسی و دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کی جائے۔

وزیراعظم نے دانش سکولوں کی تعمیر میں تیز رفتار پیشرفت پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں مجموعی طور پر 27 دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر پر کام جاری ہے۔

بریفنگ کے مطابق دانش سکول کری اسلام آباد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور وہاں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔

باغ، بھمبر، سلطان آباد، گانشے اور استور میں دانش سکولوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور ان میں اپریل 2027 سے کلاسز شروع کر دی جائیں گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، یونیورسٹی میں 2027 سے کلاسز کا آغاز ہوگا اور ملک بھر، بالخصوص پسماندہ علاقوں سے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیئے جائیں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں