ساڈا چڑیاں دا چنبہ…… دلہن کی آخری گفتگو
ساڈا چڑیاں دا چنبہ،بابل اساں اڈ جاناںـ یہ آخری الفاظ ہاتھوں میں چند گھنٹے قبل لگی مہندی اور سہاگ کا جوڑا پہنے دلہن شمائلہ اپنے ساتھ بیٹھی پھوپھو زاد بہن
لاہور(میاں رؤف سے )ساڈا چڑیاں دا چنبہ،بابل اساں اڈ جاناںـ یہ آخری الفاظ ہاتھوں میں چند گھنٹے قبل لگی مہندی اور سہاگ کا جوڑا پہنے دلہن شمائلہ اپنے ساتھ بیٹھی پھوپھو زاد بہن عائشہ کو سنا رہی تھی کہ اسی دوران دولہا ماجد اپنی والدہ ،بہن اور بھابی کے ساتھ سٹیج پر آکر بیٹھا ۔پھوپھو زاد بہن نے دلہن شمائلہ کی طرف سے یہ گانا سنا دیا جس پر دولہا ہنسنا شروع ہو گیا کہ یہ تو ہر دلہن کے ساتھ ہوتا ہے ۔سٹیج پر ہی دولہا دلہن اپنی شادی کی تقریب کی یادگار تصاویر بنوا رہے تھے کہ عین اس وقت سٹیج کے اوپر دھماکہ سے ہال کی چھت آگری دلہن کی شادی کا جوڑا کفن میں تبدیل ہو گیا ۔ہسپتال میں بیٹی کی لاش دیکھ کر ماں کو بار بار غشی کے دورے پڑتے رہے باپ بیٹی کی لاش گود میں اٹھائے ہسپتال میں روتا رہا اور کہتا رہا کہ دیکھو میری بیٹی دلہن کے روپ میں سجی کتنی پیاری لگ رہی ہے اسکو کہو کہ اٹھے اور بابل کے سینے لگ جائے ۔ یہ رقت آمیز مناظر دیکھ کر دولہا کا باپ غم سے بے ہوش ہو گیا جبکہ وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں بھر آئیں ۔