گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بنا لیا ; شہباز شریف
وزیراعلیٰ سے جرمن سفیرکی سربراہی میں وفدکی ملاقات،توانائی کے شعبہ میں تعاون پرتبادلہ خیال
رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ کی شرط ختم، عوام کے مفاد سے نہیں کھیلنے دونگا:خطاب لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا پروگرام بنالیاہے۔ منصوبے 2017تک پیداوار شروع کردینگے ۔پنجاب حکومت اپنے وسائل سے گیس سے 1200 میگاواٹ جبکہ وفاقی حکومت 2400میگاواٹ کے منصوبے لگائے گی او راس ضمن میں تمام ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جرمنی کے سفیر ڈاکٹرسائرل نن کی سربراہی میں توانائی کی معروف بین الاقوامی کمپنی سیمنس کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں توانائی کے شعبے خصوصاً پنجاب میں گیس پاورپلانٹس کے منصوبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے ۔حکومت ملک کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جرمنی کو سولر کے ساتھ گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے میں خاص مہارت حاصل ہے اور اس ضمن میں جرمن ٹیکنالوجی اپنی جگہ مسلمہ ہے ۔ جرمن وفدنے کہا کہ پنجاب کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم انتہائی لگن اور عزم سے کام کر رہی ہے ۔ توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے وفد سے روانی کے ساتھ جرمن زبان میں بھی گفتگو کی ،جس پر جرمن وفد کے ارکان نے خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے شہبازشریف کی جرمن زبان پر مہارت اور دسترس کو سراہا۔دریں اثنا ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے صوبائی وزرا،مشیران،معاونین خصوصی،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام رمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے جاری رکھیں اوراس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طورپر رمضان بازاروں میں کیے جانے والے انتظامات کی نگرانی کررہا ہوں اورکسی کو بھی عوام کے مفاد سے نہیں کھیلنے دوں گا۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ دکھانے کی شرط ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں برس رمضان پیکیج کے تحت بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے گزشتہ برس سے بڑھ کر انتظامات کئے ہیں ۔ شہبازشریف