عابد شیر اور انکے والد الیکشن کمیشن میں پیش، آج تحریری جواب طلب
رات کی تاریکی میں نتائج تبدیل کئے گئے ، انصاف کے لئے ہر قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا خواجہ رضوان کو جیت کی تصدیق شدہ کاپی ملی، دوبارہ گنتی کر کے ہروا دیا گیا، عابد شیر کی گفتگو
اسلام آباد (وقائع نگار) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی، ان کے والد چوہدری شیر علی، رکن صوبائی اسمبلی طاہر جمیل، سابق رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اسلام، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر اور سی سی پی او فیصل آباد الیکشن کمیشن میں پیش ہو گئے ۔ الیکشن کمیشن نے عابد شیر علی، چوہدری شیرعلی، طاہر جمیل اور خواجہ اسلام سے آج بدھ کو تحریری جواب طلب کر لیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عابد شیر علی اور دیگر کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ عابد شیر علی، ان کے والد اور دیگر پر انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد دھوبی گھاٹ کے گراؤنڈ میں جلسہ جاری رکھنے کا الزام ہے ۔ سماعت کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ ہمیں اپنے علاقے میں ہونیوالے انتخابات پر تحفظات ہیں۔